کیا فیس بک کی ڈیٹنگ ایپ کامیاب رہے گی؟
3 مئی 2018رواں ہفتے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اعلان کیا تھا کہ بہت جلد فیس بک ڈیٹینگ ایپ کی آزمائشی سروس کا آغاز ہو جائے گا۔ اس ایپ کے حوالے سے بہت کم تفصیلات سامنے آئیں ہیں۔ تاہم جو تفصیلات ہیں، اس کے مطابق ایپ کا نام ہے ’ ڈیٹنگ‘ ہے اور یہ بیک وقت فیس بک کے ساتھ مربوط بھی ہو گی اور علیحدہ بھی۔ اس کے لیے ایک نیا پروفائل بنانا ضروری ہو گا تاہم آپ کی پہلی اور نئی پروفائل کا آپس میں ربط نہیں ہو گا اور آپ کی پہلے سے موجود پروفائل میں سے کوئی بھی لسٹ میں شامل شخص آپ کی نئی ڈیٹنگ پروفائل کو نہیں دیکھ سکے گااور نہ ہی اس بارے میں جان سکے گا۔
کس طرح سے ایک دوسرے سے رابطہ ممکن ہو سکے گا اور کس طرح سے نئے تعلق یا سلسلے کو جوڑا جائے گا، اس حوالےسے کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ اس کے علاوہ اس ایپ کے ذریعے ابتدائی طور پر صرف ٹیکسٹ یاعبارت میں پیغام رسانی کی جا سکے گی یعنی اس میں تصاویر، ویڈیو یا لنکس بھیجھنے کی گنجائش نہیں ہو گی۔
فیس بک صارفین کے ڈیٹا کی امریکا منتقلی، مقدمہ رکوانے کی کوشش
'فیس بک پر لائیکس خریدنا حرام ہے‘
اس ایپ میں ایک ایسا فیچر بھی موجود ہو گا جس کی مدد سے صرف اکیلے یا ’ سنگل‘ افراد اسے استعمال کر سکیں گے۔ وہ لوگ جن کی فیس بک پروفائل میں تعلق کے اسٹیٹس میں شادی شدہ یا ’ان ریلیشن شپ‘ درج ہو گا، وہ اس ڈیٹنگ ایپ کو استعمال نہیں کر سکیں گے۔
انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسی معروف ایپلیکیشن کے مالکانہ حقوق رکھنے والا فیس بک گو کہ ڈیٹنگ کے منظرنامے پر دیر سے شامل ہوا ہے تاہم اس کے بانی مارک زکربرگ کو یقین سے کہ اس کے 20 کروڑ سنگل صارفین اس کو استعمال کریں گے۔
خیال رہے کہ فیس بک کو حال ہی میں اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب یہ بات منظر عام پر آئی کہ فیس بک سیاسی مشاورتی ادارے کیمبرج اینالیٹکا کی جانب سے اپنے کروڑوں صارفین کی ذاتی معلومات کا استعمال روکنے میں ناکام رہی تھی۔ اسی لیے صارفین کے اس ایپ پر اعتماد کی بحالی کے لیے زکربرگ کی جانب سے صارفین کی معلومات اور ڈیٹا کی حفاظت کے لیے پرائویسی اور حفاظت کو خصوصی طور پر مد نظر رکھنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
ع ف / ٹموتھی رووکس (ڈی ڈبلیو)