کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ، 1000 سے زائد لاپتہ
17 نومبر 2018امریکی امدادی کارکنوں کو اب اُن ایک ہزار سے زائد افراد کی تلاش ہے جو کیلیفورنیا کے شمالی حصے میں انتہائی بڑے علاقے میں لگنے والی اس آگ کے بعد لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق اب تک 71 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے تاہم لاپتہ افراد کی تعداد اس سے کئی گُنا زیادہ ہے۔
ايک مقامی اہلکار نے جمعے کی شب میڈیا کو بتايا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاپتہ افراد کی تعداد 631 سے بڑھ کر 1,011 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق آٹھ نومبر کو کيليفورنيا کے جنگلاتی علاقے ميں لگنے والی اس آگ کی لپیٹ میں اب تک 146,000 ايکڑ رقبہ آ چکا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی فہرست میں ممکنہ طور پر وہ افراد بھی شامل ہیں جو آگ لگنے کے سبب اپنا گھر بار چھوڑ گئے تاہم ان سے رابطہ نہ ہونے کے سبب ان کا نام لاپتہ افراد کی فہرست میں درج کرا دیا گیا، ساتھ ہی ایسے افراد بھی جن کا نام دو مرتبہ اس فہرست میں شامل ہو گیا۔
امدادی کارکن سونگھنے والے کتوں کے ساتھ گھر گھر جا کر لوگوں کی تلاش کے کام میں مصروف ہیں جبکہ لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کا ڈی این اے بھی حاصل کیا گیا ہے۔
گزشتہ برس کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے بعد حکام نے دو ہزار سے زائد افراد کو لاپتہ افراد کی فہرست میں ڈال دیا تھا تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد محض 44 رہی تھی۔
رواں برس لگنے والی آگ تاہم زیادہ تباہ کن تھی جس نے پیراڈائز نامی شہر کو تقریباﹰ مکمل طور پر جلا کر رکھ دیا۔ اس شہر کے باسیوں کی تعداد 27 ہزار کے قریب تھی۔ اس آگ کے باعث 50 ہزار سے زائد افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج ہفتے کے روز آگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
ا ب ا / ع س (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)