1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیات

گوادر: پاکستان، چین تجارتی راستے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا

13 نومبر 2016

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے بلوچستان میں چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والی گہرے پانی کی بندرگاہ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ چین اس تجارتی راہداری کے لیے پاکستان میں 46 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2SdWV
Hafen von Gwadar Pakistan
تصویر: BEHRAM BALOCH/AFP/Getty Images

گوادر سے بین الاقوامی تجارت کے آغاز کے موقع پر کوسکو ویلنٹگن نامی بحری جہاز پر 150 سے زائد کنٹیرز لادے گئے۔ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور یا سی پیک کے سلسلے میں یہ پہلی تجارتی کھیپ ہے جو اس بندرگاہ سے روانہ کی گئی ہے۔ قبل ازیں چین سے ٹرکوں کے ذریعے تجارتی سامان کو گوادر لایا گیا۔ اس سلسلے میں کاشغر سے روانہ ہونے والے دو مختلف تجارتی سامان سے لدے ٹرکوں کے قافلے گزشتہ روز گوادر پہنچے تھے۔

گوادر پورٹ کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کی تینوں افواج کے سربراہان کے علاوہ سینیئر چینی حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا، ’’آج سے پاکستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ سی پیک منصوبہ حقیقت بننے جارہا ہے جس سے نہ صرف بلوچستان اور پاکستان بلکہ خطے کے تین ارب لوگوں کی قسمت بدل جائے گی۔‘‘

Karte China Pakistan geplanter Wirtschaftskorridor Gwadar - Kaschgar
چین اس تجارتی راہداری کے لیے پاکستان میں 46 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہا ہےتصویر: DW

اس موقع پر پاکستان میں متعین چین کے سفیر کا کہنا تھا، ’’آج سی پیک منصوبے نے پہلا سنگ میل عبور کرلیا ہے جس پر پاکستان کے عوام مبارک باد کے مستحق ہیں۔‘‘ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ سی پیک منصوبہ مستقبل میں بھی نئی منازل طے کرے گا جس سے پاکستان کو عوام کو خوشحالی اور خطے کو ترقی ملے گی ہزاروں کی تعداد میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے اور ہنرمند نوجوان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاکر ترقی کرسکیں گے۔

پاکستان نے رواں برس جون میں ختم ہونے والے مالی سال میں پاکستان میں مجموعی قومی پیداوار میں 4.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو کے لیے 5.7 فیصد کا ہدف طے کیا ہے۔