گولڈن گلوب ایوارڈز: دی سوشل نیٹ ورک بہترین ڈرامہ فلم
17 جنوری 2011امریکی شہر لاس اینجلس کی اشرافیہ کی کاؤنٹی بیورلی ہلز میں منعقدہ پروقار تقریب میں 2010 ء کی فلموں اور ٹیلی وژن ڈراموں کے لئے معتبر گولڈن گلوب ایوارڈز کا حتمی اعلان کیا گیا۔ ترتیب کے اعتبار سے یہ 68 ویں ایوارڈز تھے۔ اس کی میزبانی ممتاز امریکی اداکار و پروڈیوسر Ricky Gervais کے سپرد تھی اور اس دوران کئی نامی گرامی شخصیات ایواڈز کی تقسیم اور ان کے اعلانات کے لئے سٹیج پر آتی رہیں۔
بہترین فلموں میں ہلکے پھلکے موضوع پر بنائی گئی فلم ’دی سوشل نیٹ ورک‘ کو بہترین فلم کی ڈرامہ کیٹگری میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ نامزدگیوں کے مرحلے میں اس فلم کو چھ مختلف کیٹگریز میں نامزد کیا گیا تھا۔ ان میں سے چار کیٹگریوں میں اس فلم کو ایوارڈ دیا گیا۔ ان میں سے ایک بہترین فلم کا بھی ہے۔ اسی فلم کے ہدایتکار ڈیوڈ فِنچر کو بہترین ہدایتکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کے علاوہ سکرین پلے اور میوزک کے ایوارڈ بھی اسی فلم کو حاصل ہوئے۔ گولڈن گلوب ایوارڈ میں ڈرامہ فلم کی کیٹگری میں بلیک سوان میں جاندار اداکاری پر نتالی پورٹمین کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اسی طرح بہترین فلم کے لئے کامیڈی کیٹگری میں 'The Kids Are All Right'کو ایوارڈ حاصل ہوا۔ اسی کیٹگری میں اسی فلم کی ہدایتکارہ اینٹ بیننگ کو بہترین ہدایتکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اینٹ بیننگ نے 'The Kids Are All Right' فلم میں بہترین اداکاری پر بہترین ادارکارہ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ بہترین اداکار کا ایوارڈ کولن فرتھ کو حاصل ہوا۔ یہ ایوارڈ ان کو ‘‘دی کنگز اسپیچ’’ میں شاندار اداکاری پر حاصل ہوا۔ اسی طرح امریکی ٹیلی وژن کی کئی سیریل کو مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔
گولڈن گلوب کو آسکر نامزدگیوں کے حوالے سے خاصی اہمیت حاصل ہے۔ آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان پچیس جنوری کو کیا جائے گا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: شادی خان سیف