گوگل کے مقابلے کے لئے مائیکروسوفٹ اور یاہُو کا اتحاد
30 جولائی 2009اِس نئے معاہدے کا مقصد حریف سرچ انجن گُوگل کا مقابلہ کرنا ہے۔ گُوگل کو سرچ انجن کی فیلڈ میں بقیہ چھوٹے بڑے سرچ انجنوں پر برتری حاصل ہے۔ اِس معاہدے کے بعد امریکی مالی منڈیوں میں مائیکروسوفٹ کے حصص کی قیمت میں اضافہ اور گُوگل کے حصص میں معمُولی سے کمی پیدا ہوئی ہے۔
نئے سرچ انجن کے لئے طویل عرصے سے بات چیت کا عمل جاری تھا۔ گزشتہ کچھ برسوں میں مائیکرو سوفٹ نے سرچ انجن کے دائرے میں خاصی بڑی سرمایہ کاری کی ہے۔ اِس کے علاوہ مائیکرو سوفٹ نے اشتہاری ٹیکنالوجی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے شعبے میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔ بِنگ سرچ انجن کو متعارف بھی کروایا گیا مگر کامیابی کا کوئی اشارہ سامنے نہیں آیا۔
مائیکرو سوفٹ کو گُوگل اور یاہُو کی موجودگی میں ایک نیا سرچ انجن متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ اشتہارت کی مد میں بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بنیادی طور پر یہ ادارہ وِنڈوز اور کمپیوٹر آپریٹنگ نظام کے حوالے سے اپنا ثانی نہیں رکھتا۔
مائیکرو سوفٹ کی ایک نیا سرچ انجن قائم کرنے کی خواہش کے پیچھے ایک بڑی وجہ اِس شعبے میں دستیاب اشتہاری بزنس ہے، جو مسلسل پھیل رہا ہے۔ ایک تحقیقی اندازے کے مطابق اِس فیلڈ میں جو بزنس سامنے آ رہا ہے، اُس میں سالانہ بنیادوں پر پندرہ فی صد اضافہ ہو رہا ہے اور سن دو ہزار چودہ تک اِس کاروبار کا حجم تیس ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا۔
اِس وقت جو بڑے سرچ انجن اِس مد میں کمائی کر رہے ہیں، اُن میں گُوگل بلاشبہ سرِ فہرست ہے جبکہ ماؤنٹین ویو اور یاہو کے ساتھ ساتھ کچھ دوسرے چھوٹے سرچ انجن بھی موجود ہیں۔
معاہدے کے تحت سرچ انجن کے لئے تمام تکنیکی سہولیات مائیکرو سوفٹ فراہم کرے گا جبکہ یاہو مائیکروسوفٹ کے لئے ایک طرح سے سیلز کا کام کرے گا۔ اِس معاہدے کی ایک اور وجہ یاہُو کا بھی سرچ انجن میں اشتہاری بزنس سے بڑا منافع کمانے کا خواب ہے۔ یاہو ادارے کا خیال ہے کہ وہ اِس معاہدے پر عمل درآمد ہونے کے بعد سالانہ بنیادوں پر پانچ سو ملین ڈالر کمانے کی پوزیشن میں ہو گا۔ مائیکرو سوفٹ اور یاہو کے درمیان طے پانے والے اِس معاہدے میں کوئی رقم یا کیش شامل نہیں ہے۔
یاہُو اب مائیکرو سوفٹ کے تیار کردہ بِنگ (Bing) سرچ انجن کو اپنے استعمال میں لائے گا۔ دونوں اداروں کے درمیان یہ معاہدہ دس سال کے لئے کیا گیا ہے۔ مائیکرو سوفٹ کا خیال ہے کہ صارفین کی تلاش و تحقیق کے سلسلے میں ایک جداگانہ انداز فراہم کرنے کے عمل میں مسلسل نت نئے طریقے متعارف کروائے جائیں گے اور بڑی کمپنیوں کو اشتہار سازی کے لئے جدید انداز کے مواقع میسر آئیں گے۔
دونوں اداروں کے منتظمین گُوگل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یہ بھی سوچ رہے ہیں کہ نئے سرچ انجن کے قیام سے اِس شعبے پر اجارہ داری بھی ختم ہو گی۔ گُوگل کو سرچ انجن کے پینسٹھ فی صد بزنس پر دسترس حاصل ہے۔ یاہو اِس دوڑ میں بہت نیچے ہے۔
گُوگل کے مقابلے کے لئے یاہُو اور مائیکروسوفٹ کے معاہدے کو ابھی امریکی ادارے Anti-trust regulators کی منظوری حاصل ہونا باقی ہے، جو امکاناً سن دو ہزار دس میں ہو جائے گی۔
ایسے بھی امکانات سامنے آئے ہیں کہ مائیکروسوفٹ کے یاہو کے ساتھ معاہدے کے بعد اُس کے اپنے سرچ انجن میں ملازمین کو فارغ کیا جا سکتا ہے۔ اندازے لگائے گئے ہیں کہ بعض اہم افراد مائیکرو سوفٹ کے مرکزی دھارے میں واپس چلے جائیں گےجب کہ کچھ اور کو یاہُو اپنے ہاں کھپانے کی کوشش کر سکتا ہے لیکن اِس وقت سب کچھ دھندلایا ہوا ہے۔