گُڈ فرائیڈے آج منایا جا رہا ہے
2 اپریل 2010مسیحیوں کے روزوں کے ایام کی اختتامی تقریبات کا آغاز گزشتہ اتوار سے ’پام سنڈے‘ یا کھجوروں کے اتوار سے ہو گیا تھا۔ یہ تقریبات جمعرات کو عروج پر پہنچیں، جب یسوع المسیح کو گرفتار کیا گیا۔ اس وقت انہوں نے اپنے ان 12 پیروکاروں کے پاؤں دھو کر عاجزی کا نمونہ پیش کیا تھا، جنہیں ’ان کے شاگرد‘ بھی کہا جاتا ہے۔
اس موقع کی یادگار کے طور پر جمعرات کو ویٹی کن سٹی میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے بھی 12 افراد کے پاؤں دھوئے۔
یہ عبادتی تقریب جمعرات کی سہ پہر کو روم کے بیسلیکا آف سینٹ جان لیٹیرں میں منعقد ہوئی، جہاں 82 سالہ پاپائے روم نے اپنے واعظ میں کہا کہ اسی دن پریسٹ بننے کے لئے افراد کو چنا گیا تھا۔
قبل ازیں ایک اور عبادتی اجتماع میں پوپ بینیڈکٹ نے جدید دور کے کاہنوں کو ان کے فرائض یاد دلائے۔ ان کی جانب سے یہ بیان اس جنسی اسکینڈل کے درمیان سامنے آیا، جس کا ان دنوں کلیسا کو سامنا ہے۔ تاہم پوپ نے اس اسکینڈل کا حوالہ نہیں دیا۔
جمعہ کو ’گڈ فرائیڈے‘ کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کی عبادتی تقریبات منعقد ہو رہی ہے۔ ان عبادتی اجتماعات کا مقصد دراصل کرائسٹ کے ان دکھوں کو یاد کرنا ہے، جو انہوں نے اپنی صلیب پر سہے۔ ایسٹر یا عید قیامت المسیح اتوار چار اپریل کو منائی جائے گی۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عابد حسین