ہاربین برفانی میلے کا آغاز
چین کے شمالی شہر ہاربین میں برفانی اشیا اور نمونوں کے سالانہ میلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ میلہ بین الاقوامی شہرت کی حامل عمارات و ڈھانچوں کے برف سے تیار شدہ نمونوں کی وجہ سے ایک خاص پہچان رکھتا ہے۔
برفانی عجوبے
ہاربین فیسٹیول میں برف سے تیار کردہ روم کا کولوسیم یا پھر میلان کا کیتھیڈرل دیکھا جا سکتا ہے۔ ایسی ہی بہت ساری دوسری عمارتوں کے برفانی نمونے اس میلے میں شائقین کی توجہ اپنی جانب کھینچتے ہیں۔
رنگ برنگی ’جنت‘
ہاربین فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز سن 1980 میں ہوا تھا۔ دنیا بھر سے اس فیسٹیول کو دیکھنے لاکھوں افراد آتے ہیں۔ رواں برس یہ رنگوں سے سجا میلہ اٹھائیس فروری تک جاری رہے گا۔
برف کا ڈزنی لینڈ
اندھیرے میں ہاربین فیسٹیول کا منظر زیادہ دلکش ہو جاتا ہے۔ ہر جانب برف کا بنا ہوا اسٹرکچر رنگ و نور سے روشن ہو جاتا ہے۔ چھوٹے چھوٹے بچے رنگ برنگی روشنیوں سے سجے ڈزنی لینڈ کو دور سے پہچان کر مسرت سے چلانا شروع کر دیتے ہیں کہ ’وہ ہے ڈزنی لینڈ!‘۔
برفانی مہم جوئی
ہاربین فیسٹیول کے دوران برفانی کھیل بھی خاص توجہ کے لائق ہوتے ہیں۔ شائقین ان کھیلوں کے مقامات کی جانب شوق سے بڑھتے ہیں۔ ان میں اسپیڈ اسکیٹنگ، منجمد سونگھوا دریا پر چہل قدمی اور برفانی گاڑی کی سواری خاص طور پر اہم ہیں۔
سردی کو مات دینا
ہاربین فیسٹیول کے دوران موسم شدید سرد ہوتا ہے۔ اس کی ایک اہم سرگرمی یخ ٹھنڈے پانی کے تالاب میں پیراکی ہے۔ ہفتہ پانچ جنوری کو میلے کے افتتاحی دن قریب تین سو بہادر خواتین و حضرات نے تالاب میں تیر کر شدید سردی کو شکست دی۔
ہر جانب ’برفانی انسان‘
اس چینی فیسٹیول کے انعقاد کے علاقے میں ہر جانب اسنو مین دکھائی دیتے ہیں۔ کوئی چھوٹا ہے تو کوئی بڑا۔ اس میلے کی ابتدائی سرگرمیوں کا آغاز دسمبر کے تیسرے ہفتے سے ہو جاتا ہے اور دو ہزار سے زائد برفانی انسان بنائے جاتے ہیں۔ جب فیسٹیول شروع ہوتا ہے تو ہر جانب شائقین کو اسنو مین دکھائی دیتے ہیں۔