ہاکی ورلڈ کپ 2010، پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
6 مارچ 2010ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں سابق ورلڈ چیمپیئن پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور ہوگیا ہے۔ ہفتہ کے روز پہلا میچ ورلڈ کپ کے لئے سب سے فیورٹ قرار دیئے جانے والے ملک آسٹریلیا اور بیجنگ اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم اسپین کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کرکے سیمی فائنل کے لئے اپنی جگہ تقریباﹰ پکی کرلی ہے۔
ہفتے کے روز کا دوسرا مقابلہ سابق ورلڈ چیمپیئن پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیموں کے درمیان ہوا۔ پاکستانی ٹیم ساؤتھ افریقہ جیسی نسبتاﹰ کمزور ٹیم سے بھی جیتنے میں ناکام رہی اور چار کے مقابلے میں تین گول کرکے سیمی فائنل مقابلوں سے باہر ہوگئی۔ تاہم پاکستان نے ایک ریکارڈ ضرور حاصل کیا اور وہ تھا ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں ہاکی میں پہلی بار شکست کا۔
تیسر اور اہم معرکہ میزبان بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہوا۔ انگلینڈ ٹیم جو گروپ میچوں میں اب ناقابل شکست چلی آرہی ہے اس نے بھارت کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
آج کے میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ اس طرح سے ہے۔ گروپ اے میں ہالینڈ تین میچ کھیل کر نو پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جرمنی تین میچ کھیل کر سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم تین میچ کھیل کر چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ چار میچ کھیل کر 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آسٹریلیا چار میچ کھیل کر نو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ سپین چار میچ کھیل کر چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پے۔
رپورٹ : افسر اعوان
ادارت : شادی خان سیف