1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہمیں کم تر نہ سمجھیں، آفریدی کا انتباہ

12 فروری 2011

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ میں اپنی حریف ٹیموں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان کی ٹیم کو کم تر نہ سمجھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میچ فکسنگ اسکینڈل کے بعد ان کے کھلاڑی نئے دَور میں داخل ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10GK3
شاہد آفریدیتصویر: AP

شاہد آفریدی نے تسلیم کیا کہ میچ فکسنگ اسکینڈل نے پاکستانی ٹیم پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ یہ اسکینڈل گزشتہ برس پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے موقع پر سامنے آیا تھا۔ اس وقت برطانوی اخبار نیوز آف دی ورلڈ نے بعض پاکستانی کھلاڑیوں کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث قرار دیا تھا۔

اس کے نتیجے میں اب سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولرز محمد آصف اور محمد عامر کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ ان تینوں کھلاڑیوں پر کم از کم پانچ سال تک کے لئے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ انہیں انگلینڈ میں مقدمے کا سامنا بھی ہے۔

اس تناظر میں بنگلہ دیش میں صحافیوں سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے کہا، ’میں سمجھتا ہوں کہ ہم بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، لیکن میں خوش بھی ہوں کیونکہ ہم اپنی ٹیم کو پھر سے کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں پراعتماد ہوں کہ ہماری ٹیم ایک اچھی شکل میں سامنے آ چکی ہے۔‘

انہوں نے کہا، ’ہم سب جانتے ہیں کہ ورلڈ کپ نہ صرف ہمارے لیے بلکہ ہمارے ملک کے لیے کیا معنی رکھتا ہے۔ تو دوسری ٹیموں کے لیے ہمارا پیغام یہی ہے کہ ہمیں کم تر نہ سمجھیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ٹیم ان کے زیرقیادت متحد ہے اور کھیل پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’وہ بڑا ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے بے تاب ہے اور اچھا کھیل دکھانا چاہتی ہے۔‘

آفریدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں حاصل ہونے والی حالیہ کامیابیوں سے ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں اچھے نوجوان کھلاڑی ہیں جبکہ تجربہ کار کرکٹر بھی ان کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

Kombo Pakistan Cricket Korruption Salman Butt Mohammad Asif und Mohammad Amir
سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کو پابندی کا سامنا ہےتصویر: AP

کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے۔ پاکستانی ٹیم آئندہ کچھ دِنوں کے دوران ڈھاکہ میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی۔ ورلڈ کپ میں اس کا پہلا میچ سری لنکا میں کینیا کے خلاف تیئس فروری کو ہو گا۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں