1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یاسر شاہ حملہ کریں گے، سرفراز احمد

6 اکتوبر 2018

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے خبردار کیا ہے کہ یاسر شاہ آسٹریلیا کی قدرے ناتجربہ کار ٹیم کے خلاف ایک اہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار سے دبئی میں شروع ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/364zO
Sri Lanka Cricket Yasir Shah
تصویر: I. S. Kodikara/AFP/Getty Images

 پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پریقین ہیں کہ لیگ سپنر شاہ شاہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ آسٹریلوی بلے بازوں پر ’حملہ‘ کریں گے۔

سن 2014 میں آسٹریلیا کی ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی تھی، جس میں پاکستان نے وائٹ واش کیا تھا۔ اس سیریز میں یاسر شاہ نے بارہ جبکہ ذوالفقار بابر نے چودہ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اتوار سات اکتوبر سے شروع ہونے والی اس نئی ٹیسٹ سیریز میں ذوالفقار بابر تو پاکستانی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں لیکن یاسر شاہ سے امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔

رواں برس مارچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بال ٹمپرنگ اسکینڈل کے نتیجے میں آسٹریلوی ٹیم دباؤ کا شکار ہے۔ اس واقعے کے نتیجے میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون سمتھ اور اوپنر ڈیوڈ وارنر کو پابندی کا سامنا ہے۔

اسی تناظر میں سرفراز احمد نے کہا کہ دبئی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہی ان کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی نئی ٹیم کو مزید دباؤ کا شکار بنانے کی کوشش کرے گی۔

وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا، ’’جب ہم نے سن 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلی تھی تو ہم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ یاسر شاہ ہمارا مرکزی بولر ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ آسٹریلوی بلے بازوں پر حملہ آور ہو اور ہمیں وکٹیں دلوائے۔‘‘

سرفراز نے مزید کہا کہ ساتھ ہی وہ یاسر شاہ پر زیادہ دباؤ نہیں دینا چاہتے اور یہ بھی نہیں چاہتے کہ دفاعی حکمت عملی اختیار کریں۔‘‘

دوسری طرف آسٹریلوی کپتان ٹیم پین نے بھی تسلیم کیا ہے کہ یاسر شاہ ان کی ٹیم کے لیے ایک چیلنج ہوں گے۔ انہوں نے کہا، ’’یاسر شاہ ورلڈ کلاس بولر ہیں، جو دبئی میں شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں۔‘‘

پین نے البتہ کہا کہ ان کی ٹیم نے اپنا ہوم ورک کر لیا ہے اور وہ اس دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بہر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ ابو ظہبی میں سولہ اکتوبر سے شروع ہو گا۔

ع ب / ع ح / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں