یمن: ’حالات خوفناک، لوگوں کو کسی طرح زندہ رکھنے کی کوشش‘
18 مئی 2016گزشتہ برس مارچ میں سعودی اتحاد نے یمن پر فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ان حملوں کا مقصد ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح کے مسلح حامیوں کو یمن پر مکمل قبضے سے روکنا تھا۔ ابھی تک اس لڑائی میں چھ ہزار دو سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ان میں سے نصف تعداد عام شہریوں کی ہے۔
اقوام متحدہ کی امدادی سرگرمیوں کے ڈائریکٹر جان گِینگ کا نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بنیادی طبی خدمات کے حوالے سے یمن کے دس ملین شہریوں کا انحصار بین الاقوامی امداد پر ہے۔
انہوں نے مزید بتایا، ’’بنیادی انسانی بنیادوں پر امداد اور ڈونر فنڈنگ کے لحاظ سے گزشتہ چند ماہ کے دوران ہم نے حیران کن کمی دیکھی ہے۔‘‘ گنگ کا کہنا تھا کہ وہ بین الاقوامی برادری سے صرف اتنی امداد مانگ رہے ہیں، جس سے ان مشکل حالات میں لوگوں کو زندہ رکھا جا سکے۔
یمن کے دورے سے واپس امریکا پہنچنے والے اقوام متحدہ کے اس عہدیدار کا کہنا تھا کہ سن دو ہزار سولہ میں جن ڈونر ممالک نے امداد دینے کا وعدہ کیا تھا، ان میں امریکا، برطانیہ، یورپی کمیشن اور جاپان بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کی یمنی اس احساس میں مبتلا ہو چکے ہیں کہ دنیا نے انہیں تنہا چھوڑ دیا ہے۔
کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کے لحاظ سے یمن کا زیادہ تر انحصار درآمدات پر ہے لیکن ملک میں جاری لڑائی کی وجہ سے اس ملک میں تجارتی جہازوں کی آمد ورفت نہ ہونے کے برابر ہے اور ملک کی اسی فیصد آبادی کو انسانی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔
رواں ماہ کے آغاز پر اقوام متحدہ نے اعلان کیا تھا کہ حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول بندرگاہوں پر تجارتی جہازوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ تجارتی درآمدات میں اضافہ ہو سکے اور باغیوں کو ہتھیاروں کی ممکنہ ترسیل روکی جا سکے۔
نگرانی کے اس عمل کو نافذ العمل بنانے اور آٹھ ملین جمع کرنے کے لی بین لاقوامی برادری کو آٹھ ماہ لگے ہیں۔ گِنگ کے مطابق یہ طریقہ کام کر رہا ہے لیکن اس کے مثبت نتائج سامنے آنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔