1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو زون: آبادی 340 ملین، بے روزگاری کی شرح نو فیصد سے کم

مقبول ملک اے پی
31 اکتوبر 2017

اٹھائیس رکنی یورپی یونین کے انیس ممالک پر مشتمل یورو زون میں بے روزگاری کی شرح مزید کم ہو کر اب نو فیصد سے بھی نیچے آ گئی ہے، جو یورو زون میں گزشتہ قریب نو برسوں میں ریکارڈ کی جانے والے کم ترین شرح بے روزگاری ہے۔

https://p.dw.com/p/2mo2N
تصویر: picture-alliance/dpa/Bundesbank

یورپی یونین کے رکن ممالک کی موجودہ تعداد 28 اور اس بلاک کی مجموعی آبادی 510 ملین یا 51 کروڑ بنتی ہے۔ ان میں سے یورو زون کہلانے والے یورپی مالیاتی اتحاد میں شامل اور یورپی مشترکہ کرنسی یورو استعمال کرنے والے ممالک کی تعداد 19 اور ان کی مجموعی آبادی قریب 340 ملین یا 34 کروڑ ہے۔

Parteienfinanzierung Symbolbild
یورو زون: عام شہری کی اوسط سالانہ آمدنی 39,200 امریکی ڈالر کے برابرتصویر: picture-alliance/dpa/P. Seeger

برسلز میں، جہاں یورپی یونین کے صدر دفاتر قائم ہیں، منگل اکتیس اکتوبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں میں یورپی شماریاتی ادارے یورواسٹیٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے دوران بھی یورو زون میں بے روزگاری میں کمی کا رجحان جاری رہا۔

اس دوران تیس ستمبر تک اس خطے میں بے روزگاری کی شرح مزید کم ہو کر 8.9 فیصد رہ گئی، جو ایک ماہ پہلے نو فیصد تھی۔ یورپی دفتر شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اس کا مطلب یہ ہے کہ یورو زون میں اقتصادی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اس دوران اس سال جولائی سے لے کر ستمبر تک کی سہ ماہی میں اس خطے کی اقتصادی کارکردگی میں بھی 0.6 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ یورو زون کی اقتصادی کارکردگی میں یہ 0.6 فیصد اضافہ اس لیے بھی حوصلہ افزا ہے کہ ماہرین کو توقع یہ تھی کہ سال رواں کی تیسری سہ ماہی میں اقتصادی نمو کی یہ شرح 0.5 فیصد رہے گی۔

Symbolbild Arbeitslosigkeit
یورو زون: بے روزگاری کی شرح نو فیصد سے بھی کمتصویر: picture alliance/dpa/H. Schmidt

برطانیہ بریگزٹ کے لیے ’چالیس ارب یورو تک ادا کرنے پر تیار‘

جرمن کمپنی مرسیڈیز کو نو بلین یورو منافع، ورکرز کے لیے بونس

جرمنی کی ٹیکسوں کی مد میں امسالہ آمدنی 732 ارب یورو سے زائد

اس کے علاوہ مالیاتی حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ اسی یورو زون میں افراط زر کی سالانہ شرح، جو پہلے 1.5 فیصد تھی، اکتوبر میں مزید کم ہو کر 1.4 فیصد رہ گئی۔

یہ بات طے ہے کہ یورپی یونین دنیا کی بڑی سیاسی اور اقتصادی طاقتوں میں شمار ہوتی ہے۔ لیکن اس کا یورو زون بھی اپنی اہمیت میں کم نہیں ہے۔ یورو زون میں ایک عام شہری کی موجودہ اوسط سالانہ آمدنی 39,200 امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ اس کے علاوہ یورو زون کی مجموعی اقتصادی پیداوار قریب 14 ٹریلین امریکی ڈالر کے برابر ہے، جو پوری دنیا کی مجموعی اقتصادی پیداوار کا 11 فیصد بنتی ہے اور اس خطے کو اس کی جملہ سالانہ آمدنی کا قریب 27 فیصد برآمدات سے حاصل ہوتا ہے۔