1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی اتحاد کی مثالی علامت: ماکروں کی نمائندگی شولس کریں گے

18 دسمبر 2024

یورپی یونین کی جمعرات انیس دسمبر کو برسلز میں ہونے والی سمٹ میں فرانسیسی صدر ماکروں کی نمائندگی جرمن چانسلر شولس کریں گے، جو ماہرین کے مطابق سیاسی طور پر یورپی اتحاد اور جرمن فرانسیسی اتفاق رائے دونوں کی مثالی علامت ہے۔

https://p.dw.com/p/4oJfA
جرمن چانسلر شولس، دائیں، اور فرانسیسی صدر ماکروں کی اس سال جون میں برلن کے نواح میں میزے برگ پیلس میں جرمن فرانسیسی حکومتی مشاورت کے آغاز کے موقع پر لی گئی ایک تصویر
جرمن چانسلر شولس، دائیں، اور فرانسیسی صدر ماکروں کی اس سال جون میں برلن کے نواح میں میزے برگ پیلس میں جرمن فرانسیسی حکومتی مشاورت کے آغاز کے موقع پر لی گئی ایک تصویرتصویر: Filip Singer/EPA

یہ کہ یورپی یونین کے سربراہان مملکت و حکومت کے بیلجیم کے دارالحکومت میں کل جمعرات کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں شریک جرمن چانسلر اولاف شولس اپنے ملک جرمنی کے علاوہ فرانس کی نمائندگی بھی کریں گے، یہ اعلان بدھ کے روز پیرس میں ایلیزے پیلس کہلانے والے صدارتی محل کی طرف سے کیا گیا۔

فرانسیسی مجموعہ جزائر پر ہونے والے شدید تباہی

یورپی یونین کے دو بڑے رکن ممالک کے طور پر ماہرین کی طرف سے جرمنی اور فرانس کو سیاسی اور اقتصادی سطح پر 'یونین کی موٹر‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اقتصادیات، جرمن انتخابات میں سب سے بڑا مدعا

اسی تناظر میں ایلیزے پیلس کی طرف سے کیے گئے اعلان کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں انیس دسمبر کو بحر ہند میں واقع فرانس کے سمندر پار علاقے اور مجموعہ جزائر مایوٹ کا دورہ کر رہے ہوں گے، جسے گزشتہ ویک اینڈ پر آنے والے تباہ کن سمندری طوفان 'شیڈو‘ سے شدید نقصان پہنچا تھا۔

جرمن چانسلر شولس، دائیں، اور فرانسیسی صدر ماکروں اس سال مارچ میں برلن میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران
جرمن چانسلر شولس، دائیں، اور فرانسیسی صدر ماکروں اس سال مارچ میں برلن میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دورانتصویر: Ebrahim Noroozi/AP/picture alliance

ایمانوئل ماکروں مایوٹ کے دورے کے دوران وہاں ہونے والے وسیع تر نقصانات کا ذاتی طور پر جائزہ لیں گے۔ امدادی کارکنوں کے مطابق اس طوفان کے باعث مایوٹ میں صرف انسانی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ہی سینکڑوں میں ہو سکتی ہے۔

اس وجہ سے صدر ماکروں کی طرف سے جرمن چانسلر اولاف شولس سے درخواست کی گئی کہ وہ ان کی غیر حاضری میں ان کی نمائندگی بھی کریں۔ ساتھ ہی ماکروں کے دفتر کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ اس طرح کے حالات میں جرمنی اپنے علاوہ فرانس کی نمائندگی بھی کرے، ''یہ ایک مروجہ طریقہ کار ہے۔‘‘

جرمن فرانسیسی تعلقات کی مثالی حیثیت

یہ درست ہے کہ صدر ماکروں اور چانسلر شولس دونوں کو ہی اپنے اپنے ملک میں داخلی سیاسی مسائل اور دباؤ کا سامنا ہے، تاہم جہاں تک بات برلن اور پیرس کے مابین ریاستی سطح کے تعلقات کی ہے، تو ان میں کوئی شبہ نہیں کہ وہ عشروں سے مثالی اور باہمی اعتماد سے بھرپور رہے ہیں۔

اس سال فروری میں پیرس میں ایلیزے پیلس کے دورے کے دوران صدر ماکروں، دائیں، اور جرمن چانسلر شولس: گرمجوشی جو قربت اور باہمی اعتماد کی مظہر ہے
اس سال فروری میں پیرس میں ایلیزے پیلس کے دورے کے دوران صدر ماکروں، دائیں، اور جرمن چانسلر شولس: گرمجوشی جو قربت اور باہمی اعتماد کی مظہر ہےتصویر: Lewis Joly/AP/picture alliance

برسلز میں یورپی یونین کی اس سمٹ کے مرکزی موضوعات میں یوکرین کی جنگ، مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال اور یورپی یونین میں تارکین وطن کی غیر قانونی آمد جیسے مسائل شامل ہیں۔

فرانس میں فرانسوا بائرو نئے وزیر اعظم نامزد

برسلز میں ہی آج بدھ کے روز بھی کئی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں جاری ہیں، جن میں سے ایک یورپی یونین اور مغربی بلقان کے خطے کے ممالک کی سمٹ بھی ہے۔

اس سمٹ میں فرانسیسی صدر ماکروں حصہ لے رہے ہیں، جس کے بعد وہ آج کی سمٹ کے شرکاء کے اعزاز میں دیے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے بعد کل جمعرات کو صدر ماکروں مایوٹ کے دورے پر چلے جائیں گے۔

م م / ش ر (ڈی پی اے، اے ایف پی)