یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے پُر کشش ترین کھلاڑی
کوئی منفرد انداز کا مالک تو کسی کے لہراتے شاندار بال، کچھ ویسے ہی مردانہ وجاہت کے شاہکار: اس گیلری میں دیکھیے اس ٹورنامنٹ میں شریک وہ دس کھلاڑی، جو ہمارے خیال میں پُر کشش ترین ہیں، ویسے آپ کی رائے مختلف بھی ہو سکتی ہے۔
ژان زَومر (سوئٹزرلینڈ)
البانیا کے خلاف پہلے راؤنڈ کے میچ میں لوگوں کی نظریں بار بار سوئس ٹیم کے گول کی جانب اٹھتی تھیں، جہاں ستائیس سالہ گول کیپر ژان زَومر ایک چٹان کی طرح کھڑا نظر آتا تھا۔ عام طور پر یہ کھلاڑی جرمنی کی بورُسیا موئنشن گلاڈ باخ ٹیم کے لیے کھیلتا ہے: خوبصورت چہرہ، لمبے بال اور سب سے بڑھ کر ایک شاندار گول کیپر۔
جالوئیجی بُوفون (اٹلی)
’جی جی‘ بوفون کی عمر اڑتیس برس ہے اور وہ موجودہ یورپی چیمپئن شپ کے عمر رسیدہ ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔ وہ گزشتہ تقریباً بیس برسوں سے اٹلی کی ٹیم کا گول کیپر چلا آ رہا ہے اور یہی ایک چیز اُس کی بلوغت اور مردانگی کا ثبوت کہی جا سکتی ہے: چمکتی نیلی آنکھیں، سیاہ بال اور جیت کے لیے ایسی مجنونانہ جدوجہد، جو کوئی نیا نیا میدان میں آیا کھلاڑی ہی کیا کرتا ہے۔
جیروم بوآتینگ (جرمنی)
بوآتینگ بیس بال کی ٹوپی پہنے ہوئے ہو، اُس نے عینک لگا رکھی ہو، جوگنگ کا لباس پہن رکھا ہو یا وہ کسی تھری پیس سُوٹ میں ملبوس ہو، وہ ہر طرح کے لباس میں اچھا نظر آتا ہے۔ مردوں کے جریدے GQ نے 2015ء میں اُسے جرمنی کے سب سے خوش لباس مرد کا خطاب دیا تھا۔ اِس غیر معمولی کھلاڑی میں خود اعتمادی کُوٹ کُوٹ کر بھری ہے اور اسی لیے ہم نے اُسے اس ٹورنامنٹ کے پُر کشش ترین کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔
بِرکِیر بیارناسون (آئس لینڈ)
ہلکے سنہری رنگ کے لمبے بال، چھوٹی چھوٹی داڑھی اور بے پرواہانہ انداز: یہ ہیں برکِیر بیارناسون۔ اپنا فٹ بال کیریئر ختم کرنے کی صورت میں بعد وہ سرفنگ سکھانے والے اُستاد کے طور پر آسانی سے ایک نیا کیریئر شروع کر سکتے ہیں۔ آئس لینڈ کی ٹیم کے اس مِڈ فِیلڈر کو اُس کی غیر معمولی اور منفرد شکل و صورت کی وجہ سے اس گیلری میں شامل کیا گیا ہے۔
جیرار پیکے (اسپین)
جب ہسپانوی کھلاڑی جیرار پیکے میدان میں دوڑتا ہے تو وہ گھر میں بیٹھی ہوئی اپنی اہلیہ شاکیرا پر ہی نہیں بلکہ بے شمار دلوں پر بجلی گراتا ہے۔ اسپین کی ٹیم کے چھوٹی چھوٹی داڑھی والے اس دفاعی کھلاڑی کو ایک دنیا پُر کشش مانتی ہے۔ جب وہ اپنے سر کی مدد سے گیند کو گول میں پھینکتا ہے تو زیادہ لوگوں کو گول ہونے یا نہ ہونے سے زیادہ اس کھلاڑی کے شاندار بالوں کی فکر ہوتی ہے۔
گیرتھ بیل (ویلز)
اپنے خوبصورت بالوں کی وجہ سے خصوصاً خواتین میں بہت مقبول یہ کھلاڑی ہسپانوی ٹیم ریال میڈرڈ میں سٹرائیکر کے طور پر کھیلتا ہے۔ اگر ویلز کی ٹیم پہلے راؤنڈ سے آگے نکلی ہے تو اس میں اس کھلاڑی کا بھی اہم کردار ہے۔ گیرتھ بیل کامیابی کے آسمان پر ہونے کے باوجود کسی طور یہ ظاہر نہیں کرتا کہ وہ ایک سٹار ہے۔ اُس نے انگلینڈ کی طرف سے کھیلنے کی بجائے ویلز کی کمزور ٹیم کا انتخاب کیا، جس سے اُس کی کشش اور بڑھ گئی۔
باستیان شوائن شٹائیگر (جرمنی)
اس تصویر میں جرمن کھلاڑی باستیان شوائن شٹائیگر اپنی سرب گرل فرینڈ آنا ایوانووِچ کے ساتھ نظر آ رہا ہے۔ چند سال پہلے تک کوئی شاید سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ’شوائنی‘ کے مختصر نام سے مشہور یہ کھلاڑی بھی پُر کشش کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ پائے گا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ کھلاڑی نہ صرف ٹیم کا کپتان بنا ہے بلکہ وہ جہاں کہیں بھی جاتا ہے، اُس کی شخصیت میں بلوغت اور خود اعتمادی لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔
آندریس انیئیستا (اسپین)
یہ ہسپانوی کھلاڑی روایتی معنوں میں تو شاید پُر کشش نہ ہو۔ اس کا قد صرف ایک میٹر اور اکہّتر سینٹی میٹر ہے، اُس کا گنجا پن بھی نمایاں ہے ا ور اُس کے انداز و اطوار میں بھی کچھ غیر معمولی نہیں ہے تاہم اس ہسپانوی سٹار کھلاڑی کی کچھ اور چیزیں بہر حال متاثر کن ہیں۔ میدان میں ایک ماہر اور کامیاب کھلاڑی ہونے کے باوجود وہ میدان سے باہر بے پناہ سادگی اپناتا ہے۔ لوگوں سے اُس کی یہی قربت اُسے پُر کشش بناتی ہے۔
آتواں گرِیس مان (فرانس)
اس فرانسیسی کھلاڑی کا قد ایک میٹر اور پچھتر سینٹی میٹر ہے لیکن شروع شروع میں اُسے اکثر یہ سننا پڑتا تھا کہ تمہارا قد بہت چھوٹا ہے۔ اب وہ ایک مدت ہوئی، یہ ثابت کر چکا ہے کہ اُس کے بارے میں جو جو کچھ کہا گیا، وہ سب لغو تھا۔ وہ خاص فرانسیسی کشش کا مالک ایک کامیاب کھلاڑی ہے اور دو ٹیموں ’آٹلیٹیکو میڈرڈ‘ اور ’ایکوئپ ٹریکولور‘ کے لیے کھیلتا ہے۔
ایشلے ولیمز (ویلز)
کرشماتی شخصیت کا مالک یہ کھلاڑی اپنی خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ پُر کشش اور خوبصورت نظر آتا ہے۔ وہ ویلز کی قومی ٹیم کا کپتان ہے اور کھیل کے میدان کے باہر اپنے سماجی اور فلاحی منصوبوں کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے۔ اسی وجہ سے لوگ اُس کے ساتھ ہمدردی بھی رکھتے ہیں اور اُسے محبت بھی دیتے ہیں۔