1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی ملک سلووینیا نے بھی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرلیا

5 جون 2024

اس سے قبل یورپی ممالک اسپین، ناروے اور آئرلینڈ فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طورپر تسلیم کرچکے ہیں۔ سلووینیا کی پارلیمان نے چار جون کو اکثریتی ووٹ کے ساتھ فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے بل کو منظوری دے دی۔

https://p.dw.com/p/4geXS
دارالحکومت لوبیانا کے وسط میں واقع پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے سلووینیا اور یورپی یونین کے جھنڈوں کے ساتھ فلسطینی پرچم بھی لہرایا گیا
دارالحکومت لوبیانا کے وسط میں واقع پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے سلووینیا اور یورپی یونین کے جھنڈوں کے ساتھ فلسطینی پرچم بھی لہرایا گیاتصویر: Darko Bandic/AP/picture alliance

سلووینیا کی حکومت نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی ایک تجویز کو گزشتہ ہفتے منظوری دے دی تھی اور اس کی حتمی منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ 90 رکنی پارلیمنٹ میں 4 جون کو ووٹنگ کے دوران 52 اراکین نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا، کسی نے اس کی مخالفت نہیں کی جبکہ بقیہ اراکین غیر حاضر رہے۔

سلووینیا حکومت کا کہنا تھا کہ دو ریاستوں کا قیام ہی مشرق وسطیٰ میں امن لاسکتا ہے۔

وزیر اعظم روبرٹ گولوب نے سلووینیا کے دارالحکومت لوبیانا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سلوونیا کی حکومت نے آج فلسطین کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ریاستوں کا قیام ہی مشرق وسطیٰ میں امن لاسکتا ہے۔

اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا

فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا حماس کے لیے ’انعام‘ نہیں، بوریل

پارلیمنٹ سے بل کی منظوری کے بعد سلووینیا کی وزیر خارجہ تنجا فاجون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "فلسطین کے عزیز عوام، آج سلووینیا کا حتمی فیصلہ امید اور امن کا ایک پیغام ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ صرف دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں دیر پاامن لاسکتا ہے۔ سلوونیا دونوں ریاستوں فلسطین اور اسرائیل کی سلامتی کے لیے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے گا۔"

تین دیگر یورپی ممالک اسپین، ناروے اور آئرلینڈ بھی فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرچکے ہیں
تین دیگر یورپی ممالک اسپین، ناروے اور آئرلینڈ بھی فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرچکے ہیںتصویر: Rebecca Ritters/DW

فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے والا چوتھا یورپی ملک

خیال رہے کہ سلووینیا کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کیے جانے سے کچھ دنوں قبل 28 مئی کو تین دیگر یورپی ممالک اسپین، ناروے اور آئرلینڈ بھی فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرچکے ہیں۔ حالانکہ اسرائیل نے اس فیصلے کی مذمت کی تھی اور تینوں ممالک سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا تھا۔

دارالحکومت لوبیانا کے وسط میں واقع پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے سلووینیا اور یورپی یونین کے جھنڈوں کے ساتھ فلسطینی پرچم بھی لہرایا گیا۔

وزیر اعظم گولوب نے پارلیمان میں اپنی تقریر کے دوران سلووینیا کی سنہ 1991 میں یوگوسلاویہ سے آزادی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،" ہم سلووینیا کے عوام اس حق کا خواب ایک ہزار برس سے دیکھ رہے تھے اور ہم نے 33 سال قبل اسے حقیقی طور پر دیکھ لیا۔ لیکن بدقسمتی سے فلسطینی عوام کو اب تک یہ حق نہیں مل سکا ہے۔"

 گولوب نے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری طور پر دشمنی کے خاتمے اور یرغمال بنائے گئے تمام افراد کی رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ امن کا پیغام ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے  193رکن ممالک میں سے 140 سے زیادہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں۔

فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا محض علامتی فیصلہ؟

ج ا / ص ز (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)