یورپی یونین سمیت عالمی برادری کی سکندریہ چرچ حملے کی مذمت
2 جنوری 2011مصر کے شہر سکندریہ میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب نئے سال کی عبادت کے موقع پر ایک گرجا گھر کے باہر مشتبہ خودکش دھماکہ ہوا، جس میں کم از کم 21افراد ہلاک ہوئے۔ عالمی برادری نے اس حملے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ جرمنی اور اٹلی نے دہشت گردی کی اس کارروائی کی مذمت کی ہے۔
امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ اس کارروائی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا، ’یہ حملہ کرنے والے واضح طور پر مسیحیوں کو نشانہ بنا رہے تھے، اور انہیں انسانی زندگی اور احترام کی کوئی قدر نہیں۔‘
یورپی یونین کی سربراہ برائے خارجہ امور کیتھرین ایشٹن نے کہا ہے کہ ایسے حملے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ فرانس کے صدر نکولا سارکوزی نے اس حملے کو بزدلانہ اور ظالمانہ فعل قرار دیا ہے۔ برطانیہ نے اس حملے میں جانی نقصان پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے کہا کہ دورِ حاضر میں مسیحی بالخصوص تعصب، زیادتیوں اور مذہبی عدم برداشت کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ مسیحیوں کو تحفظ فراہم کریں۔
سعودی عرب نے سکندریہ دھماکے کو مجرمانہ فعل قرار دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا، ’ایسے واقعات کی نہ تو ہمارا مذہب اجازت دیتا ہے نہ ہی عالمی اقدار۔‘
اسلامی سربراہی کانفرنس نے بھی اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے مجرمانہ اور دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ مذکورہ اسلامی تنظیم نے مصری شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرے کو تقسیم کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو ناکام بنا دیں۔
دمشق حکام کا کہنا ہے، ’شام دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کرتا ہے، جو قومی اتحاد کے خلاف ہے اور مصر کے ساتھ ساتھ دیگر عرب ممالک میں مذہبی رواداری کے بھی خلاف ہے۔‘
عسکریت پسند تنظیم حماس نے سکندریہ میں چرچ کے باہر حملے پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ اس تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر مخالف عناصر وہاں مسیحیوں اور مسلمانوں کے درمیان فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔
لبنان کے اعلیٰ شعیہ رہنما شیخ عبدالامیر نے کہا ہے کہ اس واقعے کا مقصد مصر میں افراتفری پھیلانا تھا۔
مشرقِ وسطیٰ میں کیتھولک مسیحیوں کے اعلیٰ مذہبی رہنما فواد طلال نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔ مراکش کے شاہ محمد ششم نے مصری صدر حسنی مبارک کے نام ایک خط میں اس حملے کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: عاطف توقیر