1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کی بارڈر کنٹرول میں توسیع کی درخواست

صائمہ حیدر
26 اکتوبر 2016

یورپی یونین نے سفارش کی ہے کہ پاسپورٹ فری شینگن زون میں نافذ بارڈر کنٹرول میں تین ماہ کی توسیع کی جائے۔ شینگن زون میں مہاجرین کے بحران کے تناظر میں سرحد پر کنٹرول بڑھا دیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2RjbB
Symbolbild EU Schengen-Raum Ende Schengener Abkommen
یورپی یونین نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ رواں برس کے آخر تک شینگن زون میں بارڈر کنٹرول کا مکمل خاتمہ چاہتی ہےتصویر: Reuters/W. Rattay

 

یورپی کمیشن نے پچیس اکتوبر بروز منگل اپنے ایک بیان میں رکن ممالک سے سرحدی کنٹرول میں تین ماہ توسیع کی تجویز دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یورپی کمیشن کی درخواست کا منظور ہونا تقریبا طے ہے۔ اِس فیصلے کا مطلب یہ ہو گا کہ جرمنی، آسٹریا، ڈنمارک، سویڈن اور یورپی یونین کے غیررکن ملک ناروے کی سرحدوں تک پہنچنے والے تارکینِ وطن کو سرحدی جانچ پڑتال کا سامنا کرتے رہنا ہو گا۔

 بارڈر کنٹرول میں تین ماہ کی توسیعی مدت کا آغاز تیرہ نومبر سے ہو گا۔ یورپی یونین نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ رواں برس کے آخر تک شینگن زون میں بارڈر کنٹرول کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے۔ تاہم کنٹرول کی مدت میں توسیع کی درخواست برلن، ویانا اور کوپن ہیگن کی حکومتوں کی جانب سے تارکین وطن کے شمالی یورپ کے ممالک کی طرف سفر جاری رکھنے کے خدشات کے تناظر میں کی گئی ہے۔

Griechenland Idomeni Flüchtlinge
یورپ کو دوسری عالمی جنگ کے بعد مہاجرین کے بد ترین بحران کا سامنا ہےتصویر: Reuters/S. Nenov

 دوسری جانب یہ بھی نوٹ کیا گیا ہے کہ رواں برس مارچ میں ترکی اور یورپی یونین کے درمیان مہاجرین کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کے بعد شام اور دیگر ممالک سے بحیرہء ایجین کے راستے یونان آنے والے تارکین وطن کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ یورپ کو دوسری عالمی جنگ کے بعد مہاجرین کے بد ترین بحران کا سامنا ہے۔ یورپ کو درپیش مہاجرین کے اِس بحران کے سبب مختلف یورپی ممالک کے سیاسی منظر ناموں میں بھی واضح تبدیلی رونما ہوئی ہے جبکہ مختلف یورپی ممالک میں مہاجر مخالف سیاسی پارٹیوں کی عوامی مقبولیت میں بھی اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔