یورپ کے دس اہم ترین ’سمر فیسٹیول‘
یورپ میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف قسم کی تقریبات کا انعقاد تو کیا ہی جاتا ہے لیکن اس موسم میں موسیقی کے میلوں اور کنسرٹس میں شرکت کا مزہ ہی کچھ اور ہے۔
جرمنی میں اوپن ایئر میوزک فیسٹیول
موسم گرما میں جرمنی میں متعدد میوزک فیسٹیول منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان میں سے سب سے بڑا اوپن ایئر میوزک میلہ ’راک اَم رِنگ‘ کے نام سے مشہور ہے۔ اس سال Nürburgring میں دو تا چار جون ہونے والے اس فیسٹیول میں نوّے ہزار سے زائد افراد شرکت کریں گے۔ دریں اثناء ہیوی میٹل میوزک کے مداح اگست کے پہلے ہفتے کا انتظار بھی کرتے ہیں، جب Wacken نامی چھوٹے سے گاؤں میں دنیا کی سب سے بڑی ہیوی میٹل پارٹی سجائی جاتی ہے۔
برطانیہ کا ’گلاسٹنبری فیسٹیول‘
’گلاسٹنبری فیسٹیول‘ دنیا کے سب سے بڑے اوپن ایئر میوزک میلوں میں سے ایک ہے۔ ہر سال جون کے آخری ہفتے کے دوران منعقد ہونے والے اس میلے میں قریب ایک لاکھ تیس ہزار شائقین شریک ہوتے ہیں۔
ڈنمارک کا ’روسکِلڈے فیسٹیول‘
ڈنمارک میں اس میوزک میلے کا اہتمام رضاکاروں کی ایک ٹیم کرتی ہے۔ اس میلے کا سارا منافع امدادی کاموں کے لیے صرف ہوتا ہے۔ اس میلے میں ایسے فنکاروں کی خصوصی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، جو ابھی بڑے اسٹار نہیں بنے ہوتے۔ اس کے علاوہ بڑے بڑے ستارے تو اس میلے میں شریک ہوتے ہی ہیں۔
’موئرز فیسٹیول‘، جرمنی
دو تا چار جون جاز میوزک کے دیوانے جوق درجوق صنعتی علاقے رُوہر کے چھوٹے سے قصبے موئرز کا رخ کرتے ہیں، جہاں یہ میوزک فیسٹیول منعقد ہوتا ہے۔ گزشتہ چالیس برسوں سے ہر سال یہ میلہ ہزارہا افراد کی جمالیاتی حسیات کو تسکین فراہم کرتا ہے۔ اس میلے میں موسیقی کے نئے رجحانات کو خصوصی طور پر شامل کیا جاتا ہے۔
’مونترو جاز فیسٹیول‘، سوئٹزرلینڈ
’مونترو جاز فیسٹیول‘ دنیا میں جاز موسیقی کے بڑے میلوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس برس یہ میلہ 51 ویں مرتبہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ تیس جون تا پندرہ جولائی مونترو میں جاز موسیقی کے شائقین خوب مستی کریں گے۔ اس مرتبہ برٹش اسٹار ٹام جونز بھی اس فیسٹیول میں خصوصی پرفارمنس دیں گے۔
’نارتھ سی جاز فیسٹیول‘، ہالینڈ
نارتھ سی جاز فیسٹیول ’اِن ڈور‘ منعقد کیا جانے والا جاز میوزک کا سب سے بڑا میلہ قرار دیا جاتا ہے۔ سات تا نو جولائی منعقد کیے جانے والے اس میلے کے 75 ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ اس مرتبہ چودہ مختلف اسٹیجوں پر مختلف بینڈز اور سنگرز اپنی موسیقی کا جادو جگائیں گے۔
ویرونا، اٹلی کا ’اوپرا فیسٹیول‘
اٹلی میں بھی موسم گرما بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے۔ سابق ایمفی تھیٹر (رومن تماشا گاہ) ’اَرِینا ڈی ویرونا‘ اوپن ایئر میوزک کنسرٹس کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ اس مرتبہ تئیس جون سے شروع ہونے والے اس میلے میں قدیم رومن آرائشی اسٹیج پر فنکار اوپرا گلوکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ یہ میلہ اگست کے اواخر تک چلے گا۔
’دی پرَومز‘، برطانیہ
موسم گرما کے دوران لندن میں جولائی تا ستمبر مختلف کنسرٹس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ گزشتہ برس ’نائٹ آف دا پرَومز‘ رائل البرٹ ہال میں منعقد ہوا تھا، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس مرتبہ ’پرَومز اِن دی پارک‘ کا مزہ مشہور زمانہ ہائیڈ پارک میں لیا جا سکے گا کیونکہ وہاں بڑی بڑی سکرینیں نصب کر دی جائیں گی۔
شلیسوِگ ہولشٹائن میوزک فیسٹیول، جرمنی
شمالی جرمن صوبہ شلیسوِگ ہولشٹائن ہر سال جولائی اور اگست میں ایک بڑے کلاسیکل میوزک اسٹیج میں بدل جاتا ہے۔ اس دوران اس صوبے کے مختلف پارکوں اور باغات میں کنسرٹس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ سلسلہ سن 1986 میں شروع ہوا تھا تاہم جلد ہی اس کا شمار کلاسیکل میوزک کے دنیا کے بڑے میلوں میں ہونے لگا۔
’فیتے دے لا موزیک‘ گلوبل ایونٹ
اوپن ایئر اور بالکل مفت۔ یہ ہے موٹو اس ایونٹ کا۔ یہ فیسٹیول ہر سال اکیس جون کو منعقد کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر یورپ کے پانچ سو شہروں میں مختلف کنسرٹس کا اہتمام کیا جاتا ہے اور لوگ بڑی تعداد میں ان میلوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ جیسا کہ نام سے بھی ظاہر ہے، اس ایونٹ کا آغاز سن انیس سو بیاسی میں فرانس سے ہوا تھا، جو جلد ہی یورپ بھر میں پھیل گیا تھا۔