یورپ کے وہ منفرد ہوٹل جہاں ایڈونچر ہی ایڈونچر ہے
یورپ میں ایسے نادر روزگار ہوٹل بھی ہیں، جہاں کبھی آپ محصور ہونے کے خوف میں مبتلا ہوں گے تو کبھی وہاں کے اونچے نیچے اور تاریک راستے آپ کو چکرا دیں گے۔ لیکن جو بھی ہو ان ہوٹلوں میں قیام کا تجربہ ہمیشہ ناقابل فراموش رہے گا۔
زیر زمین ہوٹل میں ایک رات
یہ ہوٹل سویڈن میں ایک متروکہ سلور کی کان میں بنایا گیا ہے، جہاں مہمانوں کو زمین سے ایک سو پچپن میٹر نیچے ٹھہرایا جاتا ہے۔ ہوٹل میں لفٹ کے ذریعے اپنے زیر زمین کمرے تک پہنچنے کے لیے پانچ منٹ لگتے ہیں۔
چاندی کی کان میں
زمین کے نیچے درجہ حرارت سال بھر محض دو ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ تاریکی بھی بے پناہ ہوتی ہے۔ اگرچہ ہوٹل کے کمروں میں روشنی کے لیے لیمپ اور سردی سے بچاؤ کے لیے ہیٹر رکھے جاتے ہیں پھر بھی کمزور دل خواتین و حضرات کے لیے یہاں رکنا مناسب نہیں۔
قدیم ٹرائے کے گھوڑے میں شب بسری
قدیم اہلِ ٹرائے کو یونانیوں کی جانب سے پیش کیا گیا کاٹھ کا گھوڑا اگرچہ تاریخ کا حصہ ہے تاہم بیلجیم میں بالکل ٹرائے کے گھوڑے کی طرز کا ایک ہوٹل بنایا گیا ہے۔ یہاں آپ ساکن پہیوں والے نقلی ٹروجنی گھوڑے کی شکل کے ہوٹل میں رات گزار سکتے ہیں۔
گھوڑے کے پیٹ میں
نقلی ٹروجنی گھوڑے کے پیٹ میں چیزیں ویسی نہیں جیسا یونانی تاریخ بیان کرتی ہے۔ یہاں سپاہیوں کی جگہ پورے ایک خاندان کے لیے کمرہ موجود ہے۔ اس کمرے کے علاوہ نو کمرے اور بھی ہیں جو کسی دیو مالائی داستان کا حصہ لگتے ہیں۔
قلعے میں میزبانی
جنوبی انگلینڈ کے ساحل پر سمندر سے ذرا دور ایک سو چالیس سالہ پرانا سپٹ بنک فورٹ ہے۔ جہاں پہلے اسلحہ بارود اور توپیں رکھی جاتی تھیں، اب وہاں سیاحوں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے۔
محفوظ ترین ہوٹل
اس قلعے میں بندرگاہ کی حفاظت کے لیے فوجی تعینات کیے جاتے تھے۔ سن 2009 میں اس قلعے کی مرمت اور بحالی کے بعد بھی اس کی دیواریں قریب بیس میٹر موٹی ہیں۔ اس طرح فورٹ ہوٹل کا شمار دنیا کے محفوظ ترین ہوٹلوں میں ہوتا ہے۔
جہازی کنٹینر بھی ہوٹل
جرمنی میں بالٹک سمندر کے وارن موینڈے کے ساحلی مقام پر ایک جہاز کے کنٹینرز میں ہوٹل قائم کیا گیا ہے۔ مہمانوں کو بارہ مربع میٹر کے جہازی کنٹینروں میں رہائش کی دعوت دی جاتی ہے۔ اگر کسی کو یہ جگہ کم لگے تو بھی پریشانی کی بات نہیں۔ ہوٹل میں دو کنٹینرز پر بنے سوئٹ روم بھی ہیں۔
کنٹینر میں شب بسری
یہ ہوٹل رواں برس موسم بہار میں کھولا گیا تھا۔ ہوٹل انتظامیہ کی خصوصی توجہ کا مرکز نوجوان مہم جو افراد ہیں۔ یہاں کئی بستروں والے ایک کمرے میں شب بسری کی قیمت انیس یورو تک ہو سکتی ہے۔
کرین ہوٹل کیا ہے؟
اگر آپ کو بلندی سے خوف آتا ہے تو پھر ایمسٹرڈم میں واقع یہ ہوٹل آپ کے لیے نہیں۔ کرین ہوٹل ’فارالڈا‘ کے تین سوئٹ رومز زمین سے پچاس میٹر کی بلندی پر بنائے گئے ہیں۔
کرین ہوٹل کا اندرونی ماحول
کرین کے اندر مہمانوں کو وہاں ٹھہرایا اور سلایا جاتا ہے جہاں پہلے کرین آپریٹر کام کرتا تھا۔ یہاں زیادہ ایڈونچر خراب موسم میں رکنے میں ہے۔ جب ہوا تیز چلتی ہے تو کرین میں ملنے والے جھولے لوری کا کام دیتے ہیں۔