1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان کے لئے امدادی پیکیج پر معاہدہ ہو گیا

26 مارچ 2010

یورو زون کے ممالک مالیاتی بحران کے شکار یونان کی معاونت کے عمل میں IMF کی شراکت پر متفق ہو گئے ہیں۔ یونانی وزیر اعظم جارج پاپاندریو نے یورپی حکام کے اس فیصلے کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Mcii
معاہدے کے لئے جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اہم کردار کیاتصویر: AP

اس حوالے سے یونان کو 22 ارب یورو کی مالی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے، جس کا اطلاق ایتھنز حکومت کی مالی صورت حال ابتر ہونے پر ہی ہوگا۔ فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کا کہنا ہے کہ یورو زون کے رکن ممالک مجموعی امدادی پیکیج کا دو تہائی فراہم کریں گے۔

یورپی یونین کا دو روزہ سربراہ اجلاس جمعرات سے برسلز میں شروع ہوا۔ یونان کا مالیاتی بحران اس اجلاس کے ایجنڈے پر نہیں تھا، تاہم یورپی کمیشن کے سربراہ یوزے مانویل باروسو نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اس موضوع سے بچنا مشکل ہوگا۔

بالآخر جمعرات کو یورو زون کے حکام کے درمیان یہ اتفاق رائے ہو ہی گیا کہ یونان کو بحران سے نکالنے کے لئے آئی ایم ایف کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے۔

اس اتفاق رائے کے لئے جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے اہم کردار ادا کیا۔یورپی حکام کے مطابق یہ فیصلہ 16ممالک کی مشترکہ کرنسی یورو کے بہتر مستقبل کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

NO FLASH EU-Gipfel
اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے رکن ممالک کے سربراہان حکومتتصویر: AP

یورپی حکام ایتھنز حکومت کی مدد کے لئے عالمی مالیاتی ادارے IMF کے ممکنہ کردار پر تشویش بھی ظاہر کر چکے ہیں۔ یورپین سینٹرل بینک کے سربراہ ژاں کلاؤد تریشے کہہ چکے ہیں کہ اس عمل میں ’آئی ایم ایف‘ کی شراکت سے یورو زون کی ساکھ کو انتہائی نقصان پہنچے گا اور یورو کی قدر میں مزید کمی ہوگی۔

یہ پہلا موقع ہو گا، جب عالمی مالیاتی ادارہ آئی ایم ایف یورو زون کے مالیاتی امور میں شامل ہوگا۔ یورپی یونین کا یہ اجلاس جمعہ کو بھی جاری رہے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید