1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونس نے دوبارہ کپتانی سنبھالنے کے لئے شرائط رکھ دیں

15 اکتوبر 2009

پاکستانی کھلاڑی یونس خان نے قومی کرکٹ کی دوبارہ کپتانی سنبھالنے کے لئے چند شرائط بیان کی ہیں۔ ان شرائط میں 2011ء ورلڈ کپ تک کپتانی اور مختلف حلقوں کی جانب سے ٹیم کے معاملات میں بے جا مداخلت کو ختم کروانا شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/K77r
تصویر: AP

اس ضمن میں یونس خان نے آج لاہور میں پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ سے ان کی نجی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنی شرائط کو ان کے سامنے رکھا۔ امکان ہے کہ پی سی بی کی جانب سے یونس خان کے باضابطہ استعفٰی واپس لینے کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

Younus Khan pakistanischer Cricketspieler
تصویر: AP

یونس خان نے گزشتہ دنوں اپنے اوپر لگے میچ فکسنگ کے الزام پر پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے سامنے پیش ہونے کے بعد استعفٰی کیا۔ کمیٹی کے سامنے ان کے ساتھ کوچ انتخاب عالم اور چیئرمیں پاکستان کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ بھی موجود تھے۔ میچ فکسنگ کا الزام چیئرمین قائمہ کمیٹی جمشید دستی کی طرف سے لگایا گیا جن کا کہنا تھا: ’’میرے پاس میچ فکسنگ کے ثبوت ہیں جو یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں آسڑیلیا کے ساتھ اور سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ساتھ بہتر کارکردگی نہ دکھا نے کی وجہ صرف میچ فکسنگ ہی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ اسی سال کپتان یونس خان ہی کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیت چکی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی ہارنے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے چیئرمین کی طرف سے لگا ئے گئے اس الزام پر پاکستانی کرکٹ کے حالات کس رخ پر جائیں گے، یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ مگر ایک بات جو پاکستانی کرکٹ پر بہت اثر انداز ہوتی ہے وہ ذرائع ابلاغ میں اس قسم کے پنڈورا بکس کا کھل جانا، جو ہر لحاظ سے ٹیم مینیجمنٹ، ٹیم کی قیادت، اور عوام میں اس کھیل کی مقبولیت پر بری طرح اثر انداز ہوتا ہے۔

رپورٹ: عبدالرؤف انجم

ادارت: انعام حسن