یوکرائنی علاقے اوڈیسا کا نیا گورنر، جورجیا کا سابق صدر
30 مئی 2015مشرقی یورپ کے شورش زدہ ملک یوکرائن کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے جورجیا کے سابق صدر میخائل ساکاش وِیلی کو اسٹریٹیجیک اہمیت کے علاقے اوڈیسا کا گورنر تعینات کر دیا ہے۔ پوروشینکو نے اِس تعیناتی کا اعلان بحیرہ اسود کے شمال مغربی ساحلی علاقے پر واقع شہر اوڈیسا میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ اوڈیسا یوکرائن کا تیسرا بڑا شہر ہے۔ یہ شہر اِسی نام کے انتظامی علاقے کا صدر مقام بھی ہے۔ کثیر النسلی شہر اوڈیسا اہم ثقافتی مرکز بھی ہے۔
میخائل ساکاش وِیلی بھی تقریب میں موجود تھے۔ یوکرائنی صدر نے جورجیا کے صدر کو یوکرائن کا عظیم دوست قرار دیا۔ اوڈیسا شہر میں منعقدہ تقریب کو یوکرائن کے سرکاری ٹیلی وژن پر براہ راست نشر کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوکرائن کے صدر پوروشینکو نے واضح کیا کہ اوڈیسا کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔ مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اِس یوکرائنی علاقے کو علاقائی سلامتی کے ساتھ ساتھ جغرافیائی سالمیت کے تحفظ اور آزادی و امن کی ضرورت ہے۔ یوکرائنی صدر کے مطابق اِس علاقے کو ایک ایسی جنگ کی ضرورت ہے جو کرپشن، ناانصافی اور اصلاحات سے عاری معیشت کے خلاف ہو گی۔
مبصرین نے اِس تعیناتی کو متنازعہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کییف حکومت کی جانب سے اِس تعیناتی سے ماسکو کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پوروشینکو مشرقی یوکرائن کے خونی تنازعے کے باوجود اپنے ملک کو یورپ نوازی کے راستے پر گامزن رکھیں گے۔ تعیناتی قبول کرنے کے بعد ساکاش وِیلی نے بھی خطاب کیا۔ ساکاش وِیلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو مصنوعی تنازعات کو پس پشت ڈالنا ہو گا کیونکہ انہیں مصنوعی انداز میں نافذ کیا گیا ہے۔ جورجیا کے سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ صدر پیٹروشینکو کے ساتھ مل کر ایک نئے یوکرائن کی تعمیر کرنا ہو گی۔
ساکاش وِیلی کئی زبانوں کے ماہر ہیں اور اِن میں یوکرائنی بھی شامل ہے۔ وہ پہلے سے یوکرائنی صدر کے مشیر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ کییف حکومت نے پوروشینکو کے منصبِ صدارت پر براجمان ہونے سے چند روز قبل انہیں یوکرائن کی شہریت سے نوازا تھا۔ ساکاش وِیلی نے سن 2013 میں جورجیا کی صدارت کو خیرباد کہا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ جورجیا کے سابق صدر میخائل ساکاش وِیلی سخت مغرب نواز ہیں اور اُن کے دورِ صدارت میں جورجیا اور روس کے درمیان ایک پانچ روزہ جنگ بھی لڑی گئی تھی۔