یوکرینی جنگ میں کییف پر آج تک کے سب سے بڑے روسی ڈرون حملے
28 مئی 2023یوکرین کے دارالحکومت کییف سے اتوار 28 مئی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق روس نے گزشتہ برس فروری کے اواخر میں شروع ہونے والی اس جنگ میں یوکرین پر اتنے شدید اور مربوط ڈرون حملے پہلے کبھی نہیں کیے تھے، جتنے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کیے گئے۔
یوکرین نے جرمنی سے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل مانگ لیے
مختلف خبر رساں اداروں نے کییف میں حکام کے حوالے سے بتایا کہ ان حملوں میں کم از کم ایک یوکرینی شہری ہلاک اور چند دیگر زخمی ہو گئے۔
یوکرینی فوج کے ایک اعلیٰ اہلکار سیرہئی پوپکو کے بقول 27 اور 28 مئی کی درمیانی رات کیے جانے والے روس کی طرف سے آج تک کے یہ شدید ترین حملے ایرانی ساختہ ڈرونز کی مدد سے کیے گئے۔
کییف ڈے کی نسبت سے حملے
پوپکو نے بتایا کہ گزشتہ رات صرف پانچ گھنٹوں کے اندر اندر روسی افواج نے کییف کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے 'ایرانی ساختہ اور شاہد نامی‘ 54 ملٹری ڈرونز استعمال کیے۔ سیرہئی پوپکو کے مطابق، ''ان ڈرونز میں سے 52 یوکرینی ایئر ڈیفنس سسٹم نے فضا میں ہی تباہ کر دیے۔‘‘
یوکرینی جنگ میں دس ہزار روسی قیدی مارے جا چکے ہیں، واگنر
کییف پر ان روسی ڈرون حملوں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ایک ایسے وقت پر کیے گئے، جب کییف شہر کی بنیاد رکھے جانے کی سالگرہ منانے کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔
یوکرین میں ملکی دارالحکومت کییف کی بنیاد رکھے جانے کی سالگرہ روایتی طور پر بڑے جوش و خروش سے منائی جاتی ہے اور یہ دن کییف ڈے کہلاتا ہے۔ اس سال یہ کییف ڈے آج اتوار 28 مئی کے دن منایا جا رہا ہے۔
یوکرین کی جنگ: جمہوریت کا امتحان
صدر زیلنسکی کی طرف سے اظہار تشکر
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کییف پر آج تک کے شدید ترین روسی ڈرون حملے ناکام بنانے پر یوکرینی مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا ہے۔ صدر زیلنسکی نے بھی کہا کہ جب سے روس نے یوکرین میں فوجی مداخلت شروع کی ہے، گزشتہ رات کییف پر کیے جانے والے حملے ڈرونز کی مدد سے کی جانے والی سب سے بڑی یلغار تھے۔
'پوٹن کے نظام میں کوئی کمزوری نہیں نظر آتی ہے'، جرمن خفیہ ایجنسی
انہوں نے کہا، ''میں یوکرینی ایئر ڈیفنس سسٹم کو مبارک دیتا ہوں کہ اس نے یہ روسی ڈرونز مار گرائے۔ ساتھ ہی میں یوکرینی ریسکیو سروسز کا بھی شکر گزار ہوں جن کی کاوشوں سے کییف ان حملوں اور ان کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکا۔‘‘
ساتھ ہی یوکرینی صدر نے یہ بھی کہا، ''آپ، جو کہ دشمن کے میزائلوں، طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں، ہر بار جب آپ دشمن کا کوئی میزائل یا ڈرون مار گراتے ہیں، تو آپ بہت سی قیمتی انسانی جانیں بچاتے ہیں۔ اسی لیے آپ ہیرو ہیں۔‘‘
م م / ش ر (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)