یوکرینی مقبوضہ علاقے: نصف دوبارہ کییف کے کنٹرول میں، امریکہ
24 جولائی 2023امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے نیوز چینل سی این این کو اتوار کے روز دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ گوکہ یوکرین نے اپنے ان پچاس فیصد علاقوں پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے، جن پر روس نے اس جنگ کی ابتدا میں ہی قبضہ کر لیا تھا، تاہم کییف کو اپنے تمام مقبوضہ علاقے آزاد کرانے کے لیے ابھی بہت مشکل لڑائی لڑنا پڑے گی، جس میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا، ''ابتدا میں جن علاقوں پر قبضہ کر لیا گیا تھا، ان میں سے تقریباً 50 فیصد کو واپس لیا جا چکا ہے۔‘‘
یوکرینی جنگ میں دس ہزار روسی قیدی مارے جا چکے ہیں، واگنر
انہوں نے مزید کہا، ''یہ جوابی کارروائی کے ابتدائی دن تھے۔ یہ کافی سخت رہے ہیں۔ لیکن یہ اگلے ایک یا دو ہفتے تک نہیں چلیں گے بلکہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس میں مزید کئی مہینے لگیں گے۔‘‘
پیش رفت مطلوبہ سے کم
گزشتہ ماہ کے اواخر میں یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ روسی افواج کے خلاف جوابی کارروائی میں پیش رفت 'مطلوبہ سے کم‘ رہی تھی۔
یوکرین نے جنوب میں کچھ دیہات اور مشرق میں تباہ شدہ شہر باخموت کے اطراف کے علاقوں پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔ لیکن روس کی بھاری دفاعی لائنوں کے خلاف اب تک کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
جب امریکی وزیر خارجہ سے پوچھاگیا کہ کیا یوکرین کو ایف 16جنگی طیارے ملیں گے، تو بلنکن نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایسا ہو گا۔
یوکرین نے روسی فضائی حملے ناکام بنا دیے، ژاپوریژیا ریجن میں گھمسان کی لڑائی جاری
انہوں نے کہا، ''اہم توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر ہے کہ جب انہیں یہ (جنگی طیارے) ملیں تو وہ مناسب طور پر تربیت یافتہ ہوں۔ وہ طیاروں کے رکھ رکھاؤکے قابل ہوں اور انہیں اسمارٹ طریقے سے استعمال کرنے کے اہل ہوں۔‘‘
یوکرین کو اب تک 41 بلین ڈالر کی امداد
خیال رہے کہ گیارہ ملکوں کا اتحاد اگست میں ڈنمارک میں یوکرین کے پائلٹوں کو ایف16 طیارے اڑانے کی تربیت دینے کا آغار کرے گا جبکہ رومانیہ میں ایک تربیتی مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔
یوکرین طویل عرصے لاک ہیڈ مارٹن کے تیار کردہ ایف16طیارے فراہم کیے جانے کی اپیل کر رہا ہے لیکن امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ واشنگٹن نے طیارے بھیجنے کے متعلق ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ امریکی حکام کا اندازہ ہے کہ پائلٹوں کی تربیت اور طیاروں کی ترسیل میں کم ا ز کم 18ماہ لگیں گے۔
یوکرین کلسٹر بموں کا مؤثر طور پر استعمال کر رہا ہے، امریکہ
فروری 2022ء میں یوکرین پر روسی فوجی حملے کے بعد سے امریکہ کییف کو اب تک 41 بلین ڈالر سے زائد کی امداد دے چکا ہے۔
ج ا / م م (روئٹرز)