1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یُنکر اور مہاجرین بریگزٹ کے لیے ذمہ دار ہیں، ہنگری

26 نومبر 2018

ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان نے کہا ہے کہ بریگزٹ کے لیے یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر اور یورپ آنے والے مہاجرین دونوں جزوی طور پر ذمہ دار ہیں۔

https://p.dw.com/p/38vhC
Ungarn Viktor Orbán
تصویر: imago/Panoramic International/C. Licoppe

یہ بات ہنگری کے وزیر اعظم اوربان نے اتوار کے روز برسلز میں بریگزٹ سمٹ کے حاشیے میں کہی۔

اوربان نے کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کے فیصلے کی ذمہ داری جزوی طور پر یُنکر پر عائد ہوتی ہے۔

اوربان نے ہنگری کے سرکاری میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا،’’پہلی غلطی یُنکر کو یورپی کمیشن کا صدر منتخب کرنا تھا جسے برطانیہ نے مسترد کیا تھا۔ دوسری غلطی یہ تھی کہ یورپی یونین نے مہاجرین کو قبول کیا لیکن وہ برطانیہ کو یورپی بلاک میں نہیں رکھ سکے۔‘‘

سن 2015 میں جب یورپ نے مہاجرین کے بحران کا سامنا کیا تب ہی سے وکٹور اوربان کی دائیں بازو کی عوامیت پسند حکومت کے یورپی یونین سے تعلقات تناؤ کا شکار رہے ہیں۔

یہ تعلقات اس وقت زیادہ خراب ہو گئے تھے جب رواں برس ستمبر میں یورپی پارلیمان نے ملک میں قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ہنگری پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے ووٹنگ کی تھی۔

ابھی حال ہی میں ہنگری نے اقوام متحدہ کے منظم مہاجرت کے حوالے سے مجوزہ معاہدے سے دستبرداری کا اعلان بھی کیا ہے۔

اس مجوزہ بین الاقوامی معاہدے کی منظوری آئندہ ماہ مراکش میں ہونے والی ایک عالمی کانفرنس میں دی جانا ہے۔ امریکا، آسٹریا، پولینڈ، اسرائیل اور آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک اس معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کر چکے ہیں۔ منظم، محفوظ اور باضابطہ مہاجرت کے اس بین الاقوامی معاہدے کی منظوری رواں سال جولائی میں ایک سو ترانوے رکن ممالک نے دی تھی۔

ص ح / ا ا / نیوز ایجنسی