1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

2010ء: جرمنی میں ماحولیات کا شعورگہرا، عمل کم

25 دسمبر 2010

جرمن حکومت اور عوام تحفظ ماحول کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ جرمن محکمہء ماحولیات کے ایک جائزے کے مطابق شہری روزگار اور معاشی پالیسیوں کے بعد ماحول اور زندگی کی بنیادی ضرورتوں کے تحفظ کو اہم سیاسی موضوعات سمجھتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/zpQ3
تصویر: AP

ہر دو سال بعد مرتب کئے جانے والے اس جائزے میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ جرمن عوام ماحولیات کے موضوع کو کس قدر اہمیت دے رہے ہیں۔ تازہ جائزے سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ جرمن تحفظ ماحول کا ذکر تو زیادہ کرتے ہیں لیکن عملی طور پر کہیں نہ کہیں کچھ کمی بھی رہ جاتی ہے۔

55 سالہ ماریانے شومان اپنے شوہر اور اپنی ایک عدد بلی کے ساتھ برلن میں رہتی ہیں۔ وہ خود کو تحفظ ماحول کا مکمل شعور رکھنے والے انسان کے طور پر دیکھتی ہیں اور وہ یہ بھی خیال رکھتی ہیں کہ اپنی روزمرہ زندگی میں بھی ماحول کو کوئی نقصان نہ پہنچائیں۔ شومان فیملی گوشت کم خریدتی ہے اور اِس بات کا بھی دھیان رکھتی ہے کہ ایسے پھل اور سبزیاں خریدی جائیں، جن میں کیڑے مار ادویات کا بہت زیادہ استعمال نہ کیا گیا ہو۔ دونوں میاں بیوی کی یہ بھی کوشش ہوتی ہے کہ کار کے بجائے زیادہ تر بسوں اور ٹرینوں کے ذریعے سفر کریں۔ تاہم ماریانے شومان اِس بات کا اعتراف کرتی ہیں کہ کہیں نہ کہیں کچھ کوتاہی بھی ہو ہی جاتی ہے۔

Deutschland Umwelt Bundesumweltamt Jochen Flasbarth
صدر محکمہ ماحولیات یوخن فلازبارتھتصویر: picture-alliance/dpa

’’ہم کوڑے کرکٹ کو اب بھی الگ الگ کرتے ہیں لیکن اُتنا نہیں، جتنا چند ایک سال پہلے تک کیا کرتے تھے۔ ہم کاغذ اور بوتلیں اب بھی الگ الگ جمع کرتے ہیں لیکن جب سے مَیں نے ٹیلی وژن پر ایک رپورٹ میں یہ دیکھا ہے کہ آگے لے جا کر اِس کوڑے کو پھر ملا دیا جاتا ہے، تب سے مَیں بھی زیادہ تردد نہیں کرتی۔‘‘

وفاقی جرمن محکمہء ماحولیات کے تازہ ترین جائزے کے مطابق برلن کے اِن میاں بیوی کا طرزِ عمل ویسا ہی ہے، جیسے کہ آج کل کے زیادہ تر جرمن باشندوں کا۔ اِس محکمے کے صدر یوخن فلازبارتھ کے مطابق جرمن شہری بلا شبہ تحفظ ماحول کا گہرا شعور رکھتے ہیں لیکن اُن کے قول و فعل میں بہرحال ایک واضح خلیج موجود ہے۔

مثلاً سروے میں شریک 85 فیصد جرمن شہریوں نے اِس بات پر زور دیا کہ جرمنی میں توانائی کے قابلِ تجدید ذرائع پر انحصار تسلسل کے ساتھ بڑھایا جانا چاہئے۔ اِس کے برعکس اُن شہریوں کی تعداد 2008ء کے مقابلے میں تین سے بڑھ کر محض آٹھ فیصد ہو پائی ہے، جو توانائی کے قابلِ تجدید ذرائع سے حاصل شُدہ بجلی استعمال کرتے ہیں۔ اِسی طرح ایک ہی منزل کی طرف جانے والے مسافر اپنی اپنی الگ گاڑی کے بجائے ایک ہی کار استعمال کرتے ہوئے ماحول کو کم نقصان پہنچا سکتے ہیں تاہم کار شیئرنگ کے اِس تصور کو جائزے میں شریک صرف ہر چوتھے فرد نے خود اپنی ذات کے لئے پُر کشش قرار دیا۔

Ilica, Einkaufsmeile in Zentrum der Kroatischen Hauptstadt
ذاتی گاڑی کے بجائے ٹرام یا بس کے ذریعے سفر کرنا بھی ماحول دوست طرز عمل سمجھا جاتا ہےتصویر: DW

اِس جائزے میں شریک 62 فیصد جرمن شہریوں کا کہنا تھا کہ ریاست تحفظ ماحول کے لئے کافی اقدامات نہیں کر رہی۔ یوخن فلازبارتھ بتاتے ہیں:’’پچاسی فیصد شرکاء کا خیال ہے کہ موٹر گاڑیاں تیار کرنے والی صنعت ماحول دوست کاروں کی پیداوار کے ذریعے ماحول اور آب و ہوا کے تحفظ کے لئے زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔‘‘

اِس جائزے کے لئے جن جرمن شہریوں سے سوالات پوچھے گئے، اُن کی زیادہ سے زیادہ تعداد نے اِس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ جرمنی کو بین الاقوامی سطح پر آب و ہوا کے تحفظ کے سلسلے میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔ برلن کی ماریانے شُومان کے خیال میں سیاسی رہنماؤں کو عوام کے لئے ایک مثال بننا چاہئے۔ وہ کہتی ہیں کہ جب تک موبائل اور ویڈیو فون کی موجودگی کے باوجود سیاستدان جیٹ طیاروں پر دُنیا بھر کے چکر لگانا نہیں چھوڑیں گے، تب تک وہ بھی دُور دراز کے مقامات کی سیاحت پر جانے کا رجحان ترک نہیں کریں گی۔

رپورٹ: زابینے کنکارٹس / امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں