2016ء میں ایشیا میں کیا کچھ ہوا؟
شمالی کوریا نے دو جوہری تجربات سے اشتعال انگیزی پھیلانے کی کوشش کی، سخت موقف رکھنے والے رودریگو ڈوٹیرٹے فلپائن کے صدر بننے اور طالبان کے سربرہ ملا منصور ڈرون حملے میں مارے گئے۔
نو ماہ ميں دو جوہری تجربے
چھ جنوری کو شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک ’عام‘ جوہری تجربہ تھا۔ اس کے بعد فروری میں پیونگ یانگ نے طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل کا ٹیسٹ کیا۔ نو ستمبر کو شمالی کوریا نے ایک مرتبہ پھر جوہری ٹیسٹ کر ڈالا۔ یہ اب تک کا طاقت ور ترین جوہری تجربہ تھا۔ سلامتی کونسل نے اس کے بعد اس کمیونسٹ ریاست پر عائد پابندیاں مزید سخت کر دیں۔
میانمار میں تاریخی انتقال اقتدار
میانمار میں تیس مارچ کو پچاس سال سے زیادہ عرصے کے بعد پہلی بار ایک غیر فوجی شخصیت تِن جو نے صدارت کا منصب سنبھالا۔ یہ تصویر ان کی حلف برداری کی تقریب کی ہے۔ تن جو کا شمار میانمار کی خاتون رہنما آن سانگ سوچی کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔
ڈوٹیرٹے اقتدار میں
انتہائی سخت گیر موقف رکھنے والے رودریگو ڈوٹیرٹے نے پانچ مئی کو فلپائن میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ جون میں اقتدار سنھالنے کے بعد اپنے ايک متنازعہ بيان انہوں نے عوام کو منشیات فروشوں اور عادی افراد کو قتل کر دینے کا مشورہ ديا تھا۔ انسداد منشیات کی ان کی مہم کے جلد ہی نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے۔ سلامتی کے ادارے اب تک ہزاروں افراد کو ہلاک کر چکے ہیں۔
تائیوان میں خواتین کی طاقت
تائیوان میں سائی اِنگ وَن ملک کی پہلی خاتون صدر منتخب ہوئیں۔ انہوں نے سولہ جنوری کو ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ چین سے قربت کی پالیسیوں کے حوالے سے تحفظات رکھتی ہیں۔ ابھی حال ہی میں ان کی نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت پر چین کی جانب سے شدید غصےکا اظہار کیا گیا۔
طالبان کے رہنما کی ہلاکت
طالبان کے رہنما ملا اختر منصور مئی میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے متصل علاقے میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے۔ منصور اختر نے ملا عمر کے انتقال کے بعد افغان طالبان کے معاملات کی باگ ڈور سنھبالی تھی۔
تنازعہ بحیرہ جنوبی چین
دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت نے بحیرہٴ جنوبی چین میں ملکیتی حقوق سے متعلق فلپائن کی ایک درخواست پر چین کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔ چین نے اس فیصلے کو مسترد کر دیا۔ چین کی جانب سے 1940ء کے عشرے میں ایک نقشے میں پہلی بار بحیرہٴ جنوبی چین میں ملکیتی دعوے کیے گئے تھے۔
سام سنگ کا گیلیکسی نوٹ
سام سنگ نے اپنے گیلیکسی نوٹ سیون کے ذریعے ایپل کے آئی فون کا ایک نعم البدل متعارف کرایا تھا۔ تاہم یہ فون مارکیٹ میں آنے کے ساتھ ہی مسائل کا شکار ہو گیا۔ بیٹری کے مسئلے کی وجہ سے کئی فون سیٹس میں آگ لگ گئی اور کچھ فون تو پھٹ بھی گئے۔ سام سنگ نے ان واقعات کے فوری بعد گیلیکسی نوٹ سیون کو بنانا بند کر دیا۔
مدر ٹریسا کے لیے سینٹ کا درجہ
مدر ٹریسا کے انتقال کے انیس سال بعد پوپ فرانسس نے چار ستمبر کو ایک لاکھ سے زائد افراد کے سامنے ایک خصوصی تقریب میں انہیں کیتھولک سینٹ کا درجہ دیا۔ مدر ٹریسا کو بیسویں صدی کی ایک مقبول ترین شخصیت قرار دیا جاتا ہے۔ مدر ٹریسا نے کئی دہائیوں تک دکھی انسانیت کی خدمت کی اور ’ٹریسا آف کولکتہ‘ کے نام سے مشہور اس خاتون کو سن 1979 میں امن کے نوبل انعام سے بھی نواز گیا تھا۔
تھائی لینڈ ’شفیق باپ‘ سے محروم
تھائی لینڈ شدید صدمے کا شکار۔ تیرہ اکتوبر کو بنکاک میں تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی پون اَدن یادیت اٹھاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ ستر برسوں سے زائد عرصے تک تھائی تخت پر براجمان رہے۔ اس طرح وہ دنیا میں طویل ترین عرصے تک بادشاہ رہنے والے فرماں روا کے عہدے پر فائز رہنے والے تھے۔
پاکستان میں قتل و غارت گری
چوبیس اکتوبر کو کئی خود کش بمباروں نے کوئٹہ میں پولیس کے ایک تربیتی مرکز پر حملہ کر دیا۔ اس موقع پر حملہ آوروں نے متعدد زیر تربیت پولیس اہلکاروں کو مغوی بنایا اور ان میں سے اکسٹھ کو قتل کر دیا۔ یہ کچھ ہی دنوں کے دوران کوئٹہ میں ہونے والا دوسرا حملہ تھا۔ اگست کے ایک ہسپتال میں کیے جانے والے خود کش حملے میں تہتر ہلاکتیں ہوئی تھیں۔
مودی کا حیران کن فیصلہ
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نو نومبر کی رات اپنے ایک خطاب میں پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے نوٹوں پر پابندی عائد کر دی۔ مودی کے مطابق ان کے اس اقدام کا مقصد بدعنوانی کو روکنا ہے۔ اس کے بدلے انہوں نے فوری طور پر پانچ سو اور دو ہزار کے نئے نوٹ متعارف کرا دیے۔ اس کے بعد بھارت میں کچھ ہفتوں تک نقد رقم کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا۔
مزار شریف، جرمن قونصل خانے پر حملہ
دس دسمبر کو طالبان نے شمالی افغان شہر قندوز میں قائم جرمن قونصل خانے پر حملہ کیا۔ اس واقعے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک سو تیس سے زائد تھی۔ تاہم متاثرین میں کوئی بھی جرمن شہری شامل نہیں تھا۔ اس واقعے کے دو دن بعد بگرام چھاؤنی میں ایک بم دھماکے میں چار امریکی فوجی مارے گئے تھے، جن میں سے دو فوجی تھے۔
جنوبی کوریا کا سیاسی بحران
جنوبی کوریا اکتوبر سے سیاسی بحران کا شکار ہے۔ صدر پارک گن ہے پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کے الزامات کی وجہ سے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ہر ہفتے کیے جانے والے اس احتجاج میں گن ہے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جاتا تھا۔ دسمبر میں مواخذے کی ایک تحریک کامیاب ہونے کے بعد سے صدر گن ہے اپنے اختیارات کھو چکی ہیں۔ یہ مقدمہ اب ملک کی آئینی عدالت میں چل رہا ہے۔
افغان شہریوں کی جرمنی بدری
رواں برس چودہ دسبمر کو جرمنی سے چونتیس افغان شہریوں کو بے دخل کر کے افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔ فرینکفرٹ سے کابل بھیجے جانے والے ان تمام افراد کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی تھیں۔ اس موقع پر جرمنی میں کچھ حلقوں نے احتجاج بھی کیا۔ ان کا موقف تھا کہ افغانستان ابھی تک ایک محفوظ ملک نہیں ہے۔