2016 ء میں پاکستانی خواتین نے کیا کھویا کیا پایا؟
2016 ء مجموعی طور پر پاکستانی خواتین کے لیے غیر معمولی کامیابیوں اور اپنے حقوق کے حصول کی جنگ میں بڑی حد تک کامرانی کا سال ثابت ہوا ہے۔ اس سال پاکستانی خواتین نے کیا پایا کیا کھویا یہ سب کچھ تصویری شکل میں۔
شرمین عبید کی دوسری مرتبہ آسکر انعام سے نوازا گیا
اس سال آسکر ایوارڈ کی تقریبات میں پاکستان کی معروف ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے کی مختصر دورانیے کی فلم ’آ گرل اِن دا ریور: دا پرائز آف فارگیونس‘ بہترین دستاویزی فلم کی کیٹیگری میں انعام جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔ شرمین اس سے پہلے بھی آسکر انعام حاصل کر چکی ہیں۔
اٹلانٹک کونسل ڈیجیٹل فریڈم ایوارڈ‘ نگہت داد کے لیے
پاکستان میں ڈیجیٹل حقوق کی سرگرم کارکن نگہت داد اس برس پاکستان کی وہ واحد شخصیت ہیں، جنہیں سول آزادی کے شعبے میں خدمات کے نتیجے میں انتہائی معتبر ’اٹلانٹک کونسل ڈیجیٹل فریڈم ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔ پاکستان ہی کی ملالہ یوسف زئی اس سے قبل یہ ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔ نگہت داد کا شمار پاکستان کے ان چند افراد میں بھی ہوتا ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل رائٹس کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔
نگہت داد کو ہالینڈ کا انسانی حقوق کا ٹیولپ ایوارڈ بھی ملا
نگہت دادکو انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کوششیں کرنے پر ہالینڈ کی حکومت کی جانب سے ٹیولپ ایوارڈ 2016 سے بھی نوازا گیا۔ یہ انعام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر10دسمبر کو دی ہیگ میں ہالینڈ کے وزیرخارجہ بریٹ کونڈرز نے دیا۔
سائبر کرائم بل منظور
پاکستان کی قومی اسمبلی نے اس سال سائبر کرائم بل منظور کر لیا۔ اس قانون کے تحت عام شہریوں کی پرائیویسی میں دخل اندازی، سوشل نیٹ ورکس کے ذریعے کسی بھی قسم کا استحصال، مجرمانہ رسائی، فحش پیغامات، دھمکی آمیز پیغامات اور ای میلز، کسی بھی ڈیٹا بینک تک غیرقانونی رسائی وغیرہ سب عمل قابل سزا ہوں گے۔ اس بل کی منظوری میں ’بولو بھی‘ نامی ایک ڈیجیٹل رائٹس گروپ کی ڈائریکٹر فریحہ نے غیر معمولی کردار ادا کیا۔
قندیل بلوچ
پاکستان کے قدامت پسند معاشرے میں سوشل میڈیا پر اپنی ’بے باک‘ سیلفیوں اور ویڈیوز کے باعث شہرت حاصل کرنے والی خاتون قندیل بلوچ کا اُن کے بھائی کے ہاتھوں ’غیرت کے نام پر قتل‘ اس مجرمانہ عمل کے خلاف سخت قوانین متعارف کرانے کے مطالبے میں اضافے کا سبب بنا۔
غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون کی منظوری
پاکستانی پارلیمان نے’غیرت کے نام‘ پر قتل کے حوالے سے پیش کردہ مسودہٴ قانون کی منظوری دے دی ۔ اب غیرت کے نام پر قتل کرنے والے شخص کو سزائے موت اور عمر قید کی سزا ہو سکے گی۔ سابقہ قانون میں کی گئی ترمیم کے مطابق غیرت کے نام پر قتل کے مجرموں کو دی گئی موت کی سزا کو اگر قتل کیے جانے والی عورت یا مرد کے خاندان والے معاف بھی کر دیں گے توبھی مجرم کو پچیس برس کی عمر قید ہر صورت میں بھگتنا ہو گی۔
آسیہ بی بی کی اپیل سُننے سے سپریم کوٹ کے جج کا انکار
13 اکتوبر کو توہین مذہب کے الزام میں سزا پانے والی پاکستان کی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل کو سپریم کورٹ کے جج نے جسٹس اقبال حمید الرحمان نے مقدمے کی سماعت سننے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے مقدمے کی سماعت کر چکے ہیں اور یہ مقدمہ بھی اُسی سے ملتا جُلتا ہے۔
پاکستان کی معروف کاروباری اور سماجی کارکُن جہاں آراء کی کامیابیاں
جہاں آراء تجارت کو جدید نظام سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اطلاعات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی کی تشریح اور سماجی اور کاروباری ترقی کے لیے غیر معمولی کام انجام دے رہی ہیں۔ انہیں 2016 ء میں وائٹ ہاؤس کی طرف سے عالمی اینٹر پرونیور شپ سمٹ سے خطاب کے لیے مدعو کیا گیا تھا جس کا انعقاد کیلیفورنیا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں ہوا۔ جہاں آرا پاکستان سوفٹ ویئر ہاؤسز ’PASHA‘ کی صدر ہیں۔
سیما عزیز SEFAM کی مینیجنگ ڈائریکٹر
سیما عزیز نہ صرف ایک کاروباری شخصیت ہیں بلکہ CARE فاؤنڈیشن کی بانی اورغریب بچوں تک تعلیم عام کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کی فاؤنڈیشن پاکستان بھر میں 234 اسکول چلا رہی ہے جس میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار بچے زیر تعلیم ہیں۔
معروف ادیبہ اور ڈرامہ نگار فاطمہ ثریا کی وفات
پاکستان کی معروف ترین شخصیتوں میں سے ایک فاطمہ ثریا بجیا کی ادبی اور ثقافتی خدمات کے سلے میں انہیں کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا تھا اور جاپان میں اُن کی معاشرتی خدمات پر انہیں جاپان کا سب سے بڑا اور معتبر سول ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ ان کا انتقال 86 برس کی عمر میں گزشتہ فروری کی 10 تاریخ کو ہوا۔