1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

373 قدرتی آفات، 109 ارب ڈالر کا نقصان

25 جنوری 2011

اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق گزشتہ سال کے دوران قدرتی آفات کی وجہ سے 109 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ اس ضمن میں چین اور جنوب امریکی ملک چلی سب سے زیادہ متاثر رہے۔

https://p.dw.com/p/102Rt
تصویر: AP

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ 2010ء میں قدرتی آفات کی تباہ کاریاں 2009ء کے مقابلے میں ریکارڈ تین گنا زیادہ رہیں۔ چین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فروری 2010ء میں، جو تباہ کن زلزلہ وہاں آیا تھا اس کے نقصان کا تخمینہ 30 ارب ڈالر تھا۔

چین ہی میں موسم گرما کے دوران سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے مزید 18ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ یہ اعداد و شمارCentre for Research on the Epidemiology of Disasters نے ترتیب دیے ہیں، جو مختلف حکومتوں اور انشورنس کمپنیوں کی معاونت سے تیار کیے گیے ہیں۔

China Erbeben Trauerfeier
چین میں زلزلے کے سبب مرنے والوں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریبتصویر: AP

اگرچہ کیریبیئن کی ریاست ہیٹی میں آنے والا زلزلہ انسانی جانوں کے ضیاع کے حوالے سے ہولناک ترین قدرتی آفت رہی مگر اس کا مالی نقصان پاکستان کے سیلاب کے مقابلے میں کم رہا۔ ہیٹی میں 12 جنوری کو آئے زلزلے سے تین لاکھ سولہ ہزار کے لگ بھگ انسان ہلاک ہوئے اور ملک کو 8 ارب ڈالر کا مالی نقصان ہوا۔ اس کے برعکس پاکستان میں جولائی اور اگست کے دوران سیلاب کے سبب لگ بھگ دو ہزار انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور 9 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

اقوام متحدہ میں آفات کے نقصانات سے نمٹنے کے ادارے کی نائب سیکریٹری جنرل مارگریٹا والسٹروم کے بقول تیزی سے اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ریاستوں کو قدرتی آفات سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ ان کے بقول ایسے بڑے شہر، جہاں کا بنیادی ڈھانچہ معیاری نہیں، وہاں زیادہ تباہی پھیلی ہے۔

Pakistan Überschwemmung Flutkatastrophe Flüchtlinge warten auf Lebensmittel
پاکستانی سیلاب زدگان امداد کے حصول کی تگ و دو میںتصویر: AP

اقوام متحدہ کے مطابق زلزلے کی فالٹ لائن پر بسنے والے گنجان شہروں میں میکسیکو سٹی، نیو یارک، ممبئی، نئی دہلی، شنگھائی، کولکتہ، جکارتہ، اور ٹوکیو شامل ہیں۔ مارگریٹا کا کہنا ہے کہ بعض شہروں میں ایسے مقامات پر بھی لاکھوں لوگ رہ رہے ہیں، جو سیلاب یا زمین کھسکنے کے حوالے سے حساس ہیں۔

گزشتہ سال کے 365 دنوں میں 373 قدرتی آفات ریکارڈ کی گئیں، جن میں سے 22 چین میں، 16 بھارت اور 14 فلپائن میں رونما ہوئیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق سیلاب، طوفان، زلزلے، گرم ہوا کے جھکڑ اور شدید سردی نے207 ملین انسانوں کو متاثر کیا اور لگ بھگ چھ لاکھ کی جان لی۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں