66 ویں برلینالے کی جھلکیاں
رواں سال کا برلن فلم فیسٹیول گیارہ فروری سے شروع ہو رہا ہے۔
ڈیٹر کوسلک کا پرامید انداز
اعلیٰ کوالٹی کے فلم میلے کے انتظام کے لیے ایک مضبوط ٹیم درکار ہوتی ہے۔ ڈیٹر کوسلک 2001ء سے یورپ کے اس معتبر ترین فلم میلے کے منتظم اعلیٰ ہیں۔ وہ اور ان کی ٹیم پرامید ہے کہ اس مرتبہ بھی یہ میلہ کامیاب ثابت ہو گا۔ یہ میلہ گیارہ تا اکیس فروری جاری رہے گا، جس میں بنیادی توجہ مہاجرین پر مرکوز رہے گی۔
خوشیوں کی تلاش میں دربدر پھرتے مہاجرین
’خوشی کا حق‘، یہ ہے اس مرتبہ برلن فلم فیسٹیول کا موٹو۔ ڈیٹر کوسلک کے بقول ’کام کرنے کا حق‘، محبت اور ایسی جگہ جسے گھر کہا جا سکے، کے بغیر خوشی کا حصول ناممکن ہے۔ فی الحال مہاجرین اسی خوشی کی تلاش میں ہیں۔ اس مرتبہ مقابلے کی فلموں میں Fire at Sea نامی ایک دستاویزی فلم بھی شامل ہے، جو اٹلی کے جزیرے لامپے ڈوسا میں پھنسے مہاجرین پر بنائی گئی ہے۔‘‘
تکمیل کی جستجو
خوشی کی تلاش کی جستجو ایک کربناک مرحلہ بھی ہوتا ہے۔ برلینالے میں دیکھائی جانے والی فلم Things to Come اسی کیفیت کا احاطہ کرتی ہے۔ اس فلم میں فلسفے کی ٹیچر کا کردار ادا کرنے والے فرانسیسی اداکارہ ازیبیلا ہوپرٹ (تصویر میں) کی مشکلات دیکھائی گئی ہیں۔ ان کا شوہر جب اچانک ایک دوسری خاتون کی خاطر انہیں چھوڑ دیتا ہے تو ہوپرٹ کو اپنی زندگی کا ایک نیا مطلب تلاش کرنے کی سعی کرنا پڑتی ہے۔
افتتاحی فلم
شائقین کو خوش کرنے کی خاطر فلم میلوں میں معروف اور بڑے ستاروں کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ اس مرتبہ برلینالے کی افتتاحی فلم Hail, Caesar ہو گی۔ اس فلم کے ستاروں میں سکارلٹ جانسن اور جارج کلونی کے علاوہ جوش برولن اور ٹلڈاسونٹن (تصویر میں) بھی شامل ہیں۔ یہ کامیڈی فلم کوئن برادرز کی پیشکش ہے۔
مقدر کے ساتھ لڑائی
66 ویں برلینالے میں گولڈن بیئر کے مقابلے میں شامل ایک فلم 24 Weeks جرمنی میں بنائی گئی ہے۔ اس فلم کی کہانی ایک ایسی کامیاب انٹرٹینر (جولیا جنٹش) کے گرد گھومتی ہے، جسے معلوم ہوتا ہے کہ وہ حاملہ ہے جبکہ اس کے پیٹ میں موجود بچہ معذور ہے۔ تب وہ اسقاط حمل کا سوچتی ہے۔ اس فلم میں دیکھایا گیا ہے کہ لوگ مقدر کے ساتھ لڑائی کیسے کرتے ہیں۔
ہدایتکار سپائیک لی کی انوکھی کوشش
ہالی وڈ کے معروف ہدایتکار سپائیک لی کی فلم Chi-Raq بھی برلینالے کا حصہ بنے گی۔ اس فلم کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ اس فلم میں شکاگو کی منظر کشی کرتے ہوئے امریکا میں گنوں کی وجہ سے ہونے والے تشدد کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔
ایران کی نمائندگی
برلن فلم میلے میں یورپ اور ہالی وڈ کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بننے والی فلموں کو بھی جگہ دی جاتی ہے۔ اس تناظر میں ایران کا اپنا الگ مقام ہے۔ برلینالے میں اس مرتبہ ایرانی فلم میکر مانی حقیقی کی فلم A Dragon Arrive کو اعزاز بخشا جا رہا ہے۔
میریل سٹریپ بطور جج
ہالی وڈ کی مایہ ناز اداکارہ میرل سٹریپ ماضی میں بھی برلینالے کا حصہ بنتی رہی ہیں لیکن اس مرتبہ وہ سات ممبران کی جیوری کی سربراہ ہوں گی۔ یہ جیوری اس فلم میلے میں مقابلے کے لیے دیکھائی جانے والی بہترین فلموں کو انعامات کا حق دار قرار دے گی۔
دلیرانہ کوشش
برلن فلم میلے میں تجرباتی فلموں کو بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اس مرتبہ ایسی فلموں میں تائیوان اور میانمار کی دستاویزی فلم City of Jade کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس فلم کے ہدایتکار Midi Z ہیں۔
جہتوں سے بھری دنیا
برلن فلم میلے میں فلموں کو مختلف درجوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ایک کیٹیگری ’پیناراما‘ بھی ہے، جس میں مختلف آرٹ کمپنیوں اور انفرادی فلم میکرز کی فلموں کی نمائش کی جاتی ہے۔ اس سال اس کیٹیگری میں I, Olga Hepnarova بھی دیکھائی جائے گی۔
ماضی کا مشاہدہ
برلینالے میں ماضی میں بننے والی فلموں اور تاریخی حوالاجات کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔ اس مرتبہ پچاس برس پرانے جرمن سنیما کو پرکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس زمانے میں مغربی اور مشرقی جرمنی میں سنیما نے نئی ترقی کا زینہ عبور کیا تھا۔ رواں برس کے میلے میں The Easy Way Out کی نمائش بھی کی جائے گی، جو ساٹھ کی دہائی میں جرمن سنیما کی ایک نئی پہچان بنی تھی۔
روایتی کلاسیک فلم کا انتخاب
برلن فلم میلے کی روایت میں شامل ہے کہ ہر مرتبہ پرانے زمانے کی ایک خاموش فلم کی جدید انداز میں نئی موسیقی کے ساتھ نمائش کی جاتی ہے۔ برلینالے میں ڈیجیٹل ورژن میں تبدیل کردہ روایتی کلاسیک فلم سنیما میں ہونے والی ترقی کی منازل کو آشکار کرتی ہے۔ اس مرتبہ فرٹس لانگ کی خاموش فلم Destiny کی نمائش کی جا رہی ہے، جو پہلی مرتبہ 1921ء میں ریلیز کی گئی تھی۔
مائیکل مور کی آمد
برلن کے بین الاقوامی فلم میلے میں نئی فلموں کو لانچ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ جرمن سنیما گھروں میں ریلیز کیے جانے سے قبل مائیکل مور کی دستاویزی فلم Where to Invade Next برلینالے میں دیکھائی جائے گی۔ یہ فلم جرمن سنیما گھروں میں پچیس فروری کو ریلیز کی جا رہی ہے۔
آنے فرانک کی یادداشت
برلن فلم میلے میں آنے فرانک پر بنی ایک نئی فلم کا ورلڈ پریمیئر بھی کیا جائے گا۔ The Diary of Anne Frank کی عالمی نمائش مارچ میں متوقع ہے۔ اس فلم میں آنے فرانک کا کردار نواجوان اداکارہ Lea van Acken نے نبھایا ہے۔
برلینالے ایک معتبر فلم میلہ
اس مرتبہ گولڈن بیئر کے لیے جرمنی میں بننے والی صرف ایک ہی فلم نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے لیکن دراصل یہ میلہ جرمن سنیما کے فروغ کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے۔ مجموعی طور پر 151 ایسی فلمیں اس میلے میں دیکھائی جائیں گی، جو جرمنی میں تخلیق کی گئی ہیں۔