1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’70 ہلاکتوں میں ملوث‘ پاکستانی مہاجر ہنگری سے گرفتار

عاطف بلوچ، روئٹرز
26 اکتوبر 2017

ہنگری کی پولیس نے ایک ایسے پاکستانی مہاجر کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ اپنے ملک میں ستر افراد کو ہلاک کرنے میں ملوث تھا۔ ہنگری اور آسٹریا کے سکیورٹی اداروں نے اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2mWir
Österreich Flüchtlinge am Grenzübergang
تصویر: picture alliance/dpa/PIXSELL/V. Z. Rogulja

خبر رساں ادارے روئٹرز نے ہنگری اور آسٹریائی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک ایسے پاکستانی مہاجر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو اپنے ملک کی پولیس کو ستر افراد کو ہلاک کرنے کے الزام میں مطلوب ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس پاکستانی شہری کے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری تھے اور یہ انٹرپول کو بھی مطلوب تھا۔

پاکستانی پناہ گزین، جو پاکستان واپس نہیں جانا چاہتا

’مہاجرین کو پناہ دینے پر مجبور کرنا یکجہتی نہیں تشدد ہے‘

سربیا، ’پاکستانی اور افغان مہاجرین کی بھوک ہڑتال‘

سربیا کی سرحد پر پھنسے پاکستانی مہاجرین مغربی یورپ جانے کے منتظر

ہنگری کی کاؤنٹی Bacs-Kiskun کی پولیس کی طرف سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے سربیا کی سرحد سے متصل ایک کارروائی کے دوران غیر قانونی مہاجرین کا ایک گروپ حراست میں لیا تھا اور یہ مطلوب پاکستانی انہی افراد میں شامل تھا۔

ہنگری کی پولیس نے اس مشتبہ شخص کی شناخت اے۔ زیڈ سے کی ہے، جس کی عمر 35 برس ہے۔ ملک کے نجی اور سکیورٹی قوانین کی وجہ سے اس پاکستانی شہری کی مکمل شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی مہاجرین کے اس گروہ کی گرفتاری کے بعد جب ان افراد کے کوائف جمع کیے گئے تو معلوم ہوا کہ یہ پاکستانی اپنے ملک میں ستر افراد کو ہلاک کرنے کے الزام میں مطلوب ہے۔

ہنگری کی پولیس نے بتایا ہے کہ آسٹریائی حکام کی طرف سے مخبری کے نتیجے میں یہ گرفتاری عمل میں آئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ پاکستانی انسانوں کے اسمگلروں کی مدد سے آسٹریا جانے کی کوشش میں تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق آئندہ چند روز میں اس پاکستانی شہری کو اسلام آباد حکومت کے حوالے کرنے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ تاہم اس حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں کہ یہ عمل کب اور کس طرح شروع ہو گا۔