86 ویں آسکر انعامات میں ’بارہ سالہ غلام‘ بہترین فلم
3 مارچ 2014فلمی صنعت کے معتبر ترین تصور کیے جانے والے انعامات کی اس تقریب میں بہترین اداکار فلم ’ڈیلاس بائرز کلب‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے میتھیو میککونہی رہے جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ کیٹ بلانچیٹ کے نام رہا، انہوں نے فلم ’بلو جیزمِین‘ میں اپنے مداحوں کے دل لوٹ لیے تھے۔ اس مرتبہ گریوٹی اور ’امریکن ہسل ‘ کو دس دس کیٹیگریز کے لیے چنا گیا تھا۔ گریوٹی فلم نے بہترین ڈائریکٹر کے ایوارڈ کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر سات آسکرایوارڈز جیتے جبکہ بارہ سالہ غلام کو دو آسکرز ملے۔ ’امریکن ہسل‘ کوئی بھی ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہی۔
بہترین سپورٹنگ اداکار کا انعام جیراڈ لیٹا کو دیا گیا۔ انہوں نے فلم Dallas Buyers Club میں غیر معمولی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اس کیٹیگری میں صومالی نژاد برطانوی شہری برکاڈ عبدی کو بھی نامزد کیا گیا تھا، جنہوں نے فلم ’کیپٹن فیلپس‘ میں ایک صومالی قزاق کا کردار ادا کرنے پر بافٹا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا تاہم وہ آسکر ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہے۔ ’ڈیلاس بائرز کلب‘ کو بہترین میک اپ کا آسکر انعام بھی دیا گیا۔
بہترین سپورٹنگ اداکارہ کا انعام لوپیٹا نائینگو کو ملا۔ انہوں نے فلم 12Years a Slave (بارہ سالہ غلام) میں ایک ٹین ایجر کا کردار کیا تھا۔ لندن میں حال ہی میں منعقد ہوئی بافٹا انعامات کی تقریب میں بہترین ادکارہ کا انعام جیتنے والی جینفر لارنس بھی اس کیٹیگری میں نامزد کی گئی تھیں لیکن وہ آسکر جیوری کو قائل نہ کر سکیں۔ اس تقریب کی ایک خاص بات اسٹیو مککوین کی فلم بارہ سالہ غلامی کو بہترین فلم قرار دیا جانا تھا۔ آسکر ایوارڈز کی چھیاسی سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سیاہ فام کی تخلیق کردہ فلم کو بہترین فلم کا انعام دیا گیا ہے۔
اتوار کی شب امریکی شہر لاس اینجلس کے کوڈک ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہوئی 86 ویں آسکر ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب کی میزبانی کے فرائض مشہور کامیڈین، میزبان اور اداکارہ ایلن ڈی جنریس نے سر انجام دیے۔ اپنے برجستہ جملوں اور بے ساختہ اداؤں سے انہوں نے اس تقریب میں ایک نئی جان پھونک دی۔ انعامات کی تقسیم کے دوران جہاں چھپن سالہ ڈی جنریس نے شرکاء کو قہقہے لگانے پر مجبور کیا ، وہیں انہوں نے اپنے سمارٹ فون سے ہالی ووڈ کے ستاروں کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں اور ان میں پیزا بھی تقسیم کیا۔ آسکر ایوارڈز کی تقریب میں ہالی ووڈ کے تقریباﹰ سبھی نمایاں ستارے موجود تھے۔
تقریب انعامات میں بہترین اینیمیٹڈ فیچر فلم ’فروزن‘ قرار پائی جبکہ بہترین اینیمیٹڈ شارٹ فلم ’مسٹرہلبوٹ‘ رہی۔ بہترین اوریجنل سونگ کا انعام بھی ’فروزن‘ کے حصے میں آیا۔ بہترین کاسٹیوم ڈائزئن کا آسکر کیتھرین مارٹین کو فلم The Great Gatsby پر ملا اور اسی فلم کو بہترین پروڈکشن ڈائزین کے لیے چنا گیا۔ بہترین سنیماٹوگرافی کا اعزاز Emmanuel Lubezki کو فلم گریوٹی میں باکمال منظر کشی پر دیا گیا۔ گریوٹی کو ہی بہترین ساؤنڈ ایڈیٹنگ اور بہترین ساؤنڈ مکسنگ کے علاوہ بہترین ویژول ایفیکٹس کے انعامات سے بھی نوازا گیا۔
86 آسکر ایوارڈز کی تقریب میں بہترین دستاویزی فلم Feet from Stardom roi jbko 20جبکہ بہترین شارٹ دستاویزی فلم The Lady in Number 6: Music Saved My Life رہی۔ بہترین لائیو ایکشن شارٹ فلم کے لیے جیوری نے Helium کو منتخب کیا اور بہترین فارن فلم کا اعزاز اطالوی فلم ’دی گریٹ بیوٹی کے حصے میں آیا۔
بہترین اوریجنل اسکرین پلے کا انعام فلم Her کے لیے اسپائیک جونز کو دیا گیا جبکہ بہترین ماخوز اسکرین پلے کا انعام جان رائڈلی کو فلم ’بارہ سالہ غلامی پر دیا گیا۔