ISS پر جاپانی تجربہ گاہ کی تنصیب،ایک مرحلہ مکمل
19 جولائی 2009امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق خلا باز Tim Kopra کی یہ پہلی خلائی چہل قدمی تھی جبکہ Dave Wolf اس سے قبل چار مرتبہ ایسا کرچکے ہیں۔ ان دونوں کو کیبو لیبارٹری کا ایک پلیٹ فارم نصب کرنے میں قریب ساڑھے پانچ گھنٹے لگے۔
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر قائم کئے گئے اس یونٹ کو Japanese Exposed Facility (JEF) کا نام دیا گیا ہے جو خلا میں ایک کھلے پلیٹ فارم کا کام دے گا۔
اس کا مقصد ایسے تجربات میں مدد حاصل کرنا ہے جن کے لئے براہ راست خلائی ماحول مطلوب ہو۔ اس منصوبے کے نائب منتظم Tessuro Yokoyama کے بقول یہ جاپان کا پہلا خلائی منصوبہ ہے جس کے لئے عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔
امریکی خلائی شٹل اینڈیور کا عملہ چھ افراد پر مشتمل ہے جن میں سے پانچ امریکی شہری ہیں جبکہ ایک کا تعلق کینیڈا سے ہے۔ جاپان کی خلائی تجربہ گاہ کے منصوبے پر اینڈیور کے عملے سمیت 13 خلاباز کام کررہے ہیں۔ امریکی شٹل اینڈیور اس مشن کے بعد31 جولائی کو واپس زمین پر اترے گی۔
ہفتہ کے روز اینڈیور کے خلائی اسٹیشن ISS پر پہنچنے کے بعد اس کے کمانڈر مارک پولانسکی اور ان کے ماتحت عملے کے دیگر افراد نے امریکہ میں بزرگ صحافی Walter Cronkite کے حالیہ انتقال پر ایک لمحے کی خاموشی بھی اختیار کی۔
والٹر کرونکائٹ کی جانب سے خاص طور پر امریکی خلائی پروگرام اور چاند پر بھیجے جانے والے اپالو مشن کی کوریج کا ذکر کرتے ہوئے پولانسکی نے کہا کہ آنجہانی کرونکائٹ کی شخصیت نے بہت سے خلابازوں کو بہت متاثر کیا۔