1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’Just one more thing‘ کولمبو انتقال کر گئے

25 جون 2011

کولمبو کے کردار کے حوالے سے مشہور پیٹر فالک 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم نے ٹیلی وژن کے علاوہ اسٹیج اور فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

https://p.dw.com/p/11jIv
پیٹر فالک کی عمر 83 برس تھیتصویر: dpa - Bildfunk

اگر کسی سے پوچھا جائے کہ کیا وہ کسی ایسے تفتیشی پولیس افسر کو جانتا ہے، جس کے ہاتھ میں سگار ہو، اس کا حلیہ بگڑا ہوا ہو اور چاہے موسم جیسا بھی ہو وہ ایک گنجلی ہوئی برساتی زیب تن کیا رہتا ہو؟ تو فوراً ہی کولمبو کانام ہی ذہن میں آتا ہے کیونکہ ایسا حلیہ صرف اسی سراغ رساں کا ہو سکتا ہے۔ پیٹر فالک کو کولمبوکی ہر قسط میں قتل کا ایک معمہ حل کرنا ہوتا تھا۔ ان کا خاص انداز تفتیش ہی ان کی وجہ شہرت بنا۔ وہ تفتیش کے دوران ایسے سوالات پوچھتے تھے کہ سامنے والا دنگ رہ جائے۔ ان کی گاڑی کا رنگ جگہ جگہ سے اترا ہوا ہوتا تھا، وہ قتل کی واردات کی جگہ پر موجود چیزوں کو بہت ہی قریب سے دیکھتے تھے، پھر سر کجھانے کی عادت اور ان کے دھیمے انداز نے ان کے کردار کو ایک نمایاں رنگ دیا تھا۔

پیٹر فالک کے خاندانی وکیل نے بتایا کہ پیٹر فالک کا لاس اینجلس کے علاقے بیولری ہلز میں اپنے گھر میں انتقال ہوا۔ مرحوم گزشتہ کئی برسوں الزہائمر کے مرض میں مبتلا تھے۔ تاہم ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ پیٹر فالک 16ستمبر 1927ء کو نیو یارک میں پیدا ہوئے تھے۔ تین سال کی عمر میں ان کی ایک آنکھ میں سرطان بھی ہو گیا تھا۔ اس کے بعد ان کی داہنی آنکھ نکال دی گئی تھی اور اس جگہ شیشے کی آنکھ لگی ہوئی تھی۔

Columbo in Deutschland
وہ 16ستمبر 1927ء کو نیو یارک میں پیدا ہوئے تھےتصویر: dpa

1968ء میں انہوں نے پہلی مرتبہ سراغ رساں لیفٹیننٹ کولمبو کا کردار ادا کیا۔ ستر کی دہائی میں یہ امریکہ کی مشہور ترین ٹیلی وژن سیریز بن گئی۔ ہر قسط میں وہ کئی مرتبہ Just one more thing کئی مرتبہ دہراتے تھے، یہی ڈائیلاگ ان کی خاص پہچان بن گیا تھا۔ پیٹر فالک نے 40 سے زائد ہالی وڈ فلموں میں بھی کام کیا۔ 1960ء اور 1961ء میں وہ آسکرز کے لیے بھی نامزد ہوئے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عاطف توقیر