1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ

3 جنوری 2022

امریکی کار کمپنی ٹیسلا نے 2021 میں تقریباً 10 لاکھ نئی گاڑیاں اپنے صارفین تک پہنچائیں۔ یہ تعداد ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباﹰ دوگنا تھی۔

https://p.dw.com/p/45574
تصویر: Dylan Stewart/Image of Sport/ Newscom/picture alliance

اس الیکٹرک کار ساز کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسلا نے 2021 میں اپنے تمام ماڈلز کی نو لاکھ چھتیس ہزار سے زائد نئی کاریں اپنے گاہکوں کو فراہم کیں۔ یہ تعداد 2020ء کے مقابلے میں 87 فیصد زیادہ بنتی ہے۔

مقررہ ہدف سے بڑھ کر کامیابی

ٹیسلا نے گزشتہ سال جنوری میں اعلان کیا تھا کہ اس کا مقصد اگلے کئی سالوں کے دوران اپنی گاڑیوں کی ڈلیوری میں ہر سال 50 فیصد اضافہ کرنا ہے۔ یوں گزشتہ برس حاصل کردہ نتائج اس سالانہ ہدف سے کہیں زیادہ تھے۔

ٹیسلا نے حال ہی میں اپنا ہیڈکوارٹر پالو آلٹو، کیلیفورنیا سے آسٹن، ٹیکساس میں منتقل کیا ہے۔ اس کمپنی نے ماڈل تھری اور ماڈل وائی کی قریب نو لاکھ اور لگژری ماڈل ایس اور ایکس کی قریب پچیس ہزار گاڑیاں فروخت کیں۔ گزشتہ برس کی صرف چوتھی سہ ماہی میں ہی ٹیسلا نے تین لاکھ آٹھ ہزار چھ سو کاریں فروخت کیں۔

چینی کمپنی کی فلائنگ کار

سپلائی میں کمی کے باوجود پیداوار متاثر نہ ہوئی

ٹیسلا کمپنی بظاہر عالمی لاجسٹکس کے ان مسائل پر قابو پانے میں کامیاب رہی، جنہوں نے آٹوموبائل انڈسٹری کو پریشان کیے رکھا تھا۔ اس امریکی کار ساز کمپنی کے سربراہ ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ نئے چپ ڈیزائن اور ری رائٹنگ سافٹ ویئر کے ذریعے سیمی کنڈکٹرز کی کمی کو پورا کرنے میں کامیاب رہے۔

ویڈبش سکیورٹیز سے منسلک ڈینیل آئیوز کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں چپ کی کمی کے باوجود ٹیسلا کے اعداد وشمار انتہائی حیران کن ہیں۔ ان کے مطابق ٹیسلا کی پروڈکشن میں اضافے کی ایک بڑی وجہ چین میں خریداروں کی طرف سے بڑھتی ہوئی مانگ اور عمومی طور پر الیکٹرک کاروں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی ہے۔

ٹیسلا کو اکتوبر میں ایک اور بڑی کامیابی اس وقت ملی تھی، جب اسے کار رینٹل کمپنی ہیرٹز نے ایک لاکھ الیکٹرک گاڑیوں کا آرڈر دیا تھا۔ ٹیسلا کے مطابق اس آرڈر کی سپلائی اس سال مکمل ہو جائے گی۔ یہ اعلان اس کار کمپنی کو امریکی سٹاک مارکیٹ میں ایک ٹریلین ڈالر سے زیادہ مالیت کی کمپنیوں کے بہت مخصوص کلب میں لے آیا تھا۔

Tesla CEO Elon Musk
ایلون مسک، ٹسیلا کے سی ای اوتصویر: Hannibal Hanschke/AP/picture alliance

ٹیسلا کو تحقیقات کا سامنا

ٹیسلا کے لیے سب کچھ ہی بہت اچھا بھی نہیں ہے۔ اس کمپنی کو آٹو ریگولیٹر این ایچ ٹی ایس اے کی طرف سے تحقیقات کا سامنا بھی ہے۔ یہ ریگولیٹر اٹھارٹی اس کمپنی کی گاڑیوں میں نصب آٹو پائلٹ سسٹم کی سکیورٹی کے حوالے سے ابھی تک چھان بین کر رہی ہے۔

اس کمپنی نے سرکاری سکیورٹی تحقیقات کے بعد اپنے سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ جب یہ گاڑی حرکت میں ہو، تب تک اس کے ڈرائیوروں کو اس گاڑی کے سسٹم پر ویڈیو گیمز کھیلنے سے روکا جا سکے۔

ب ج / م م ( اے پی، اے ایف پی)

الیکٹرک گاڑیاں: سب کچھ کیسے تبدیل ہو جائے گا؟