1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایس آئی کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع

11 مارچ 2011

حکومت پاکستان نے ملکی فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10XLm
آئی ایس آئی کے سربراہ شجاع پاشا (دائیں) وزیرِ اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئےتصویر: picture alliance / dpa

آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل احمد شجاع پاشا کے عہدے کی میعاد اس ماہ ختم ہو رہی ہے۔ پاکستان کے انگریزی روزنامے ڈان کے مطابق حکومت نے شجاع پاشا کو مزید دو برسوں کے لیے آئی ایس آئی کا سربراہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ستمبر 2008ء میں شجاع پاشا کو ایک ایسے وقت آئی ایس آئی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا جب امریکہ کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں، اور بالخصوص طالبان کے مسئلے پر آئی ایس آئی کے کردار پر سولات اٹھائے جا رہے تھے۔ پاشا کی تقرری کے بعد پاکستان کی جانب سے افغانستان سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں کارروائی میں تیزی دیکھنے میں آئی۔

In Pakistan inhaftierter US Diplomat Raymond Allen Davis
ریمنڈ ڈیوس کی حراست کے معاملے پر پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں کشیدگی دیکھنے میں آ رہی ہےتصویر: AP

تاہم بین الاقوامی سطح پرطالبان کے حوالے سے آئی ایس آئی کے کردار کے بارے میں اب بھی شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل شجاع پاشا کی مدت ملازمت میں توسیع ایک ایسے وقت کی جا رہی ہے جب آئی ایس آئی اور امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے درمیان تعلقات نچلی ترین سطح پر پائے جا رہے ہیں۔ سی آئی اے کے اہلکار ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں لاہور میں دو پاکستانیوں کے قتل اور ڈیوس کی حراست سے متعلق تنازعے نے دونوں اداروں کے درمیان خراب تعلقات کو عیاں کر دیا ہے۔ ایسے وقت میں پاشا کو آئی ایس آئی کا سربراہ برقرار رکھنا حکومت پاکستان کی جانب سے دفاعی اور عسکری پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا عندیہ معلوم ہو رہا ہے۔

Pakistan Armeechef General Ashfaq Pervez Kiani
حکومت نےگزشتہ برس جنرل کیانی کی مدّت ملازمت میں بھی توسیع کی تھیتصویر: Abdul Sabooh

پاشا کی مدت ملازمت میں گزشتہ برس بھی وزیرِ اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی ایک سال کا اضافہ کر چکے تھے۔

ڈان اخبار کے مطابق اس بار بھی پاکستانی وزیرِ اعظم افواجِ پاکستان کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مشاورت سے شجاع پاشا کے عہدے کی میعاد میں توسیع کریں گے۔ اس معاملے میں جنرل کیانی کی منظوری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ڈان کا کہنا ہے کہ پاشا کو جنرل کیانی کی آشیرباد حاصل ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاشا کے امریکہ کے ساتھ ’ورکنگ ریلیشنز‘ بھی خاصے اچھے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس حکومت پاکستان نے جنرل کیانی کی مدت ملازمت میں تین برس کا اضافہ کیا تھا۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں