آئی سی سی نے حفیظ کی بولنگ پر پابندی لگا دی
16 نومبر 2017محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف ابوظہبی میں تیسرے ایک روزہ میچ کے بعد ایمپائرز اورمیچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے اعتراض کیا تھا۔ محمد حفیظ نے برطانوی یونیورسٹی لوف برا میں یکم نومبر کو بولنگ کا بائیو مکینکس ٹیسٹ دیا تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ: آف اسپنر حفیظ کو پھر سے بولنگ کی اجازت
آئی سی سی نے غیرقانونی بولنگ ایکشن پر محمد حفیظ پر پابندی عائد کر دی
پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن درست قرار دے دیا گیا
بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بولنگ ٹیسٹ میں زیادہ تر گیندوں کے وقت محمد حفیظ کی کہنی کا خم 15 ڈگری سے زیادہ پایا گیا، جو غیر قانونی ہے۔ آئی سی سی پلئینگ کنڈیشنز کے مطابق کوئی بولر بولنگ کے دوران اپنی کہنی کو 15 ڈگری سے زیادہ خم نہیں دے سکتا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مرضی سے محمد حفیظ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بولنگ بولنگ کرنے کے مجاز ہوں گے۔ انہیں پابندی میں یہ نرمی بولنگ ایکشن کے قانون 5۔11 کے تحت دی جا رہی ہے۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان رضا راشد نے لاہور میں ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ محمد حفیظ کو پاکستان میں ہونے والے ڈومیسٹک مقابلوں میں بولنگ کی اجازت ہوگی۔ سینتیس سالہ محمد حفیظ کے کیرئر میں یہ تیسرا موقع ہے، جب ان پر گیند گرنے کی پابندی لگائی گئی ہو۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں ایکشن مشکوک قرار پانے کے بعد دسمبر 2014ء میں آئی سی سی نے آف اسپنر کو بولنگ کرنے سے روک دیا تھا۔ اپریل 2015ء میں محمد حفیظ کو بولنگ کی دوبارہ اجازت ملی لیکن صرف دو ماہ بعد ان کا ایکشن دوبارہ غیر قانونی قرار پایا اور سال میں بولنگ ایکشن کی دوسری خلاف روزی پر ان پہ جولائی 2015ء میں 12ماہ کی پابندی لگا دی گئی۔ گزشتہ برس نومبر میں محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں اپنا بولنگ ٹیسٹ کلئیر کرلیا تھا۔ پاکستانی بولرز کے بولنگ ایکشن کے ضمن میں حالیہ تاریخ مایوس کن رہی ہے۔
شعیب اختر، شبیر احمد، سعید اجمل، شاہد آفریدی، ریاض آفریدی اور بلال آصف بھی ماضی قریب میں آئی سی سی کی پابندی کی زد میں آچکے ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے محمد حفیظ اس وقت بھی ایک روزہ کرکٹ میں آئی سی سی عالمی رینکنگ میں نمبر ایک آل راونڈر ہیں۔ وہ انٹرنینشل کرکٹ میں 237 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ اپنے بولنگ ایکشن میں ردو بدل کے بعد دوبارہ بولنگ ایکشن کا تجزیہ کرانے کے مجاز ہوں گے۔