1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی پی ایل بولی، پاکستانی کھلاڑی نہیں خریدے گئے

20 جنوری 2010

بھارتی پریمیئر لیگ 2010 کے لئے کھلاڑیوں کی لگائی جانے والی بولی میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی کو نہیں خریدا گیا ہے۔ نہ خریدے جانے والے کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/LbK7
شاہد آفریدی ٹی 20 کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرتے ہیںتصویر: AP

پاکستان کی ٹوئنٹی 20 ٹیم کے کپتان اور محدود آووروں کے کھیل کے ماہر سمجھے جانے والے شاہد آفریدی کے مینیجر عمران خان کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کے نہ خریدے جانے کی وجہ ممکنہ طور پر کھلاڑیوں کے لئے ویزوں کا حصول کا مسئلہ ہو سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے الزام لگایا کہ آئی پی ایل کی جانب سے کمپنیوں کو پیشگی تنبیہ کی گئی تھی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو نہ خریدا جائے کیوں کہ انہیں ویزے جاری نہیں کئے جائیں گے۔ خان کے مطابق اس طرز عمل سے شاہد آفریدی سمیت پاکستانی کھلاڑیوں کی بے عزتی کی گئی ہے۔

آئی پی ایل نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔ بھارتی پریمیئر لیگ کے کمشنر للیت مودی کے مطابق کمپنیاں کھلاڑیوں کی خریداری کے لئے کلی طور پر آزاد تھیں اور یہ تمام تر ان کی اپنی صوابدید پر تھا۔

پاکستانی اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں اس فیصلے سے دھچکا پہنچا ہے کیوں کہ انہیں یقین تھا کہ انہیں ضرور خریدا جائے گا۔

محمد عامر، عمر گل عمر اکمل اور شاہد آفریدی رواں برس ہونے والے آئی پی ایل کے لئے دستیاب کھلاڑیوں میں فہرست میں شامل کئے گئے تھے تاہم کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو کسی ٹیم میں کوئی جگہ نہ مل سکی۔

رواں برس کے لئے چھیاسٹھ غیر ملکی کھلاڑیوں کو آئی پل کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا تاہم ان میں سے صرف گیارہ ہی خریدے گئے۔ انگلینڈ کے واحد خریدے جانے والے کھلاڑی Eoin Morgan ہیں جبکہ ان کے علاوہ انگلش ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی آئی پی ایل میں شامل نہیں ہو پائے گا۔ ویسٹ انڈیز کے Kieron Pollard اور نیوزی لینڈ کے Shane Bond خریدے جانے والے کھلاڑی ہیں تاہم اس بار غیر ملکی کھلاڑیوں کی خریداری میں کمپنیوں نے زیادہ دلچسپی کا اظہار نہیں کیا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشورمصطفیٰ