آتشبازی پر پابندی، دہلی والے تاریک دیوالی منائیں گے
آج دنیا بھر میں ہندو مذہب میں دیوالی یعنی روشنیوں کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ روایتی طور پر اس روز آتش بازی کی جاتی ہے تاہم اس برس آلودگی کی روک تھام کے لیے دہلی میں آتش بازی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
آتش بازی پر پابندی
آتشبازی پر یکم نومبر تک یہ عارضی پابندی گزشتہ ہفتے بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے لگائی گئی ہے۔ یہ پابندی دیوالی سے صرف چند ہی روز پہلے عائد کی گئی ہے۔ پابندی کا مقصد دہلی کی فضا میں بڑھتی آلودگی میں کمی لانا ہے۔
کاروبار ٹھپ
دہلی کے صدر بازار میں پٹاخوں اور آتشبازی کا کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھاری مالیت کے پٹاخے خرید رکھے ہیں۔ نہیں معلوم کہ اب یہ یہ سامان کیسے فروخت کیا جا سکے گا۔
گرین دیوالی
بھارت کے باقی شہروں اور دیہاتوں میں یہ مستی کرنے اور پٹاخے چھوڑنے کا وقت ہے لیکن سوشل میڈیا پر بہت سے افراد اس بار ’گرین دیوالی‘ منانے کی اپیل کر رہے ہیں جس کا مطلب ہے کم پٹاخے۔
کولکاتا میں دیوالی
دیوالی کے موقع پر نہ صرف چراغاں ہوتا ہے اور دیے جلائے جاتے ہیں بلکہ ہندو مت کے پیروکار اپنے مذہب کے حوالے سے لکشمی اور کالی دیوی کی پوجا بھی کرتے ہیں۔ اس تصویر میں کولکاتا میں کالی دیوی کے مجسمے کو سجایا سنوارا جا رہا ہے۔
مندر میں دیے
گھروں کو لائٹوں اور شمعوں سے سجانے کے علاوہ ہندو افراد دیوالی کی شام مندروں میں بھی چراغ جلاتے ہیں۔ اس موقع پر گھر کی خوشحالی کی دعائیں مانگی جاتی ہیں۔
دہلی کی ہوا اور دھویں کے بادل
دہلی میں ہر سال دیوالی کی تقریبات دارالحکومت کی فضا میں کثیف دھویں کے بادل چھوڑ جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک خاص طرح کے مادے کے چھوٹے چھوٹے ذرات کی شرح بھی ہوا میں خطرناک حد تک بڑھ جاتی ہے جو پھیپھڑوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔
اندھیرے پر روشنی کی فتح
بھارت میں دیوالی کی آمد سے پہلے ہی گھروں میں اس کی تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔ اس موقع پر گھروں کی خصوصی تزئین کی جاتی ہے اور گھر کے اندرونی حصوں کو طرح طرح کے خوشنما ڈیزائنوں سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ اس تہوار کو معنوی لحاظ سے اندھیرے پر روشنی اور برائی پر اچھائی کی فتح کے طور پر منایا جاتا ہے۔
دیوالی تو بچوں کی ہے
دیوالی کے موقع پر بڑوں کی مصروفیات اپنی جگہ لیکن اصل خوشی اور مزے تو بچوں کے ہوتے ہیں۔ انہیں نہ صرف مزے دار مٹھائیاں اور پکوان کھانے کو ملتے ہیں بلکہ آتشبازی کی پھلجڑیاں اور پٹاخے چلانے کی کھلی چھوٹ بھی مل جاتی ہے۔
خصوصی آرائش
دیوالی یا دیپاولی ایک قدیم ہندو تہوار ہے۔ اس تہوار کی شام کو گھر کی خواتین، رشتے دار خواتین اور سہیلیوں کے ساتھ مل کر دیے جلاتی ہیں اور انہیں خوبصورتی سے ترتیب دیتی ہیں۔