1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آتشی غباروں کے جواب میں غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے

7 ستمبر 2021

اسرائیل نے پیر کی رات کو غزہ پر فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملے حماس کی طرف سے اسرائیلی علاقے میں بھیجے جانے والے آتشی غباروں کے خلاف جوابی کارروائی کے طورپر کیے گئے۔

https://p.dw.com/p/400fU
Gaza I Israelische Angriffe treffen Punkte der palästinensischen Widerstandsgruppen im Gazastreifen
(فائل فوٹو)تصویر: Ashraf Amra/AA/picture alliance

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں حماس پر الزام لگایا کہ اس نے اپنے کنٹرول والے علاقے غزہ سے اسرائیلی علاقے میں آتشی غباروں سے حملے کیے تھے۔ ان حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے حماس کی مختلف تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے،”گزشتہ رات آئی ڈی ایف جنگی جہازوں نے خان یونس میں حماس کے راکٹ تیار رکنے والے ایک کارخانے نیز حماس کے ایک فوجی کمپاونڈ کو نشانہ بنایا۔"

بیان میں مزید کہا گیا ہے،”یہ حملے اسرائیلی علاقے میں حماس کی جانب سے آتشی غبارے بھیجنے کے خلاف جوابی کارروائی کے طور پر کیے گئے۔"

تیرہ برسوں میں غزہ کی چار جنگیں، اثرات کیا اور نقصانات کتنے؟

عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں توپ کے گولے بھی داغے۔

فلسطینی علاقے کے ایک طبی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں کوئی ہلاک نہیں ہوا۔

قبل ازیں اسرائیل کے فائر ڈپارٹمنٹ نے کہا تھا کہ آتشی غباروں کی وجہ سے غزہ پٹی کے قریب اسرائیلی علاقے میں تین مقامات پر جھاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

Gefängnisausbruch in Israel
یہ فضائی حملے ایسے وقت کیے گئے ہیں جب چھ فلسطینی انتہائی سکیورٹی والے ایک اسرائیلی جیل سے سرنگ بناکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئےتصویر: Sebastian Scheiner/AP/picture alliance

غزہ سے عسکریت پسندوں کی جانب سے اسرائیلی علاقے میں آتشی غبارے بھیجنا ایک عام بات ہے۔ دوسری طرف اسرائیل ان آتشی غباروں کا جواب بالعموم فضائی حملوں کے ذریعہ دیتا ہے۔

پیر کے روز یہ فضائی حملے ایسے وقت کیے گئے ہیں جب چھ فلسطینی انتہائی سکیورٹی والے ایک اسرائیلی جیل سے سرنگ بناکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اسرائیل نے انہیں گرفتار کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر مہم شروع کر دی ہے۔

چھ فلسطینی قیدی سرنگ بنا کر ہائی سکیورٹی اسرائیلی جیل سے فرار

اسرائیل اور حماس جنگی جرائم کے مرتکب، ہیومن رائٹس واچ

خیال رہے کہ مئی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان گیارہ دنوں تک جنگ ہوتی رہی تھی جو حالیہ برسوں میں فریقین کے جانب سے شدید ترین جنگ تھی۔اس میں تقریباً ڈھائی سو فلسطینی ہلاک ہوئے تھے جب کہ بارہ اسرائیلی بھی مارے گئے تھے۔ مصر کی ثالثی سے دونوں میں جنگ بندی ہوئی تھی۔اس کے بعد بھی اسرائیل او رحماس کے درمیان تشدد کے اکا دکا واقعات ہوتے رہے ہیں۔

 ج ا/ ص ز  (اے ایف پی)