1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا میں مشتبہ دہشت پسندگروہ کے اراکین گرفتار

رپورٹ: مقبول ملک ، ادارت: عابد حسین4 اگست 2009

آسٹریلوی پولیس نے آج منگل کے روز علی الصبح مشتبہ دہشت گردوں کے ایک ایسے گروپ کا پتہ چلا کر اس کے متعدد ارکان کو گرفتار کرلیا،جو ممکنہ طور پر آسٹریلوی فوج کے ایک اڈے پر خود کش حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

https://p.dw.com/p/J36F
آسٹریلوی پولیس اپنے ایک بم ڈسپوزل روبوٹ کے ساتھتصویر: AP

سڈنی میں آسٹریلیا کی وفاقی پولیس کے چیف کمیشنر ٹونی نیگس نے صحافیوں کو بتایا کہ ان افراد کی گرفتاری کے لئے پولیس کے 400 سے زائد اہلکاروں نے ملبورن میں، آج منگل کے روز سورج نکلنے سے قبل، 19 مختلف گھروں پر چھاپے مارے۔

یہ کارروائی گزشتہ تین برسوں کے دوران ملکی پولیس کا انسداد دہشت گردی کا سب سے بڑا آپریشن تھا۔ گرفتار شدگان کا تعلق آسٹریلیا میں مقیم صومالی مہاجرین کی اس برادری سے ہے جس کے ارکان کی تعداد سولہ ہزار سے زائد بنتی ہے۔

Polizei vereitelt Terroranschlag in Australien
ملبورن میں اعلیٰ پولیس اہلکار مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تفصیلات بیان کرتے ہوئےتصویر: AP

آسٹریلوی پولیس کے چیف کمیشنر کے بقول جن چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، وہ ہیں تو آسٹریلوی شہری مگر نسلی طور پر ان کا تعلق صومالیہ یا لبنان سے ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس ان ملزمان کی سرگرمیوں پر اس سال جنوری سے نظر رکھے ہوئے تھی، اور یہ مشتبہ دہشت گرد کئی مرتبہ سڈنی میں آسٹریلوی فوج کے ہولسوردی بیرکس نامی اڈے اور دیگر فوجی تنصیبات کے بارے میں معلومات جمع کرتے پائے گئے تھے۔

Polizei vereitelt Terroranschlag in Australien
ایک چھاپے کے دوران لی گئی پولیس اہلکاروں کی ایک تصویرتصویر: AP

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ ملزم ممکنہ طور پر سڈنی میں ایک فوجی اڈے پر خود کش حملہ کرنا چاہتے تھے اور پولیس کو شبہ ہے کہ یہ چاروں ملزمان صومالیہ میں مسلمان عسکریت پسندوں کے الشباب نامی گروپ کے ساتھ رابطے میں تھے۔

ایک آسٹریلوی اخبار کے مطابق پولیس کے وسیع تر چھاپوں سے قبل ان مشتبہ افراد کی الیکڑانک ذرائع سے کی جانے والی نگرانی سے یہ واضح ہو گیا تھا کہ وہ خود کار ہتھیاروں سے سڈنی میں ہولسوردی بیرکس پر حملہ کرکے، اپنی موت سے پہلے زیادہ سے زیادہ فوجیوں کو ہلاک کرنا چاہتے تھے۔

آسٹریلوی وزیر اعظم Kevin Rudd کے بقول ملک میں اس مبینہ حملے کی منصوبہ بندی کا علم ہونے کے بعد دہشت گردی کے خلاف وارننگ کا لیول بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے۔