1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: سیرینا ویلیمز پھر فاتح

30 جنوری 2010

سیاہ فام امریکی کھلاڑی سیرینا ویلیمز نے ہفتہ کو رواں برس کا پہلا گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/Lni4
سیرینا ویلیمز آسٹریلین اوپن میں فتح کا جشن مناتے ہوئےتصویر: AP
Serena Williams gewinnt Australian Open 2
گزشتہ برس بھی سیرینا ویلیمز آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی تھیںتصویر: AP

فائنل میں ان کا مقابلہ بلیجیئم کی جسٹین ہینن سے تھا، جس میں ہینن کو چھ چار، تین چھ اور چھ دو سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ امسالہ آسٹریلین اوپن جیتنے کے بعد سیرینا ویلیمز کی اس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں کامیابیوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے جبکہ اُن کے گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد بھی اب بارہ ہو گئی ہے۔ امسالہ آسٹریلین اوپن میں سیرینا اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی تھیں کیونکہ گزشتہ برس بھی اس ٹورنامنٹ کا فائنل روسی کھلاڑی دینارا سافینا کو ہرا کر سیرینا نے ہی جیتا تھا۔ اپنی شکست کے بعد جسٹین ہینن نے کہا کہ انہیں فائنل ہار جانے کا دکھ تو بہت ہے لیکن اس بات کی خوشی بھی بہت زیادہ ہے کہ اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کے بعد وہ اگر ٹینس کورٹ پر واپس لوٹی ہیں تو آتے ہی وہ آسٹریلین اوپن کے فائنل تک بھی پہنچ گئیں۔

Roger Federer
مردوں کے انفرادی مقابلوں کے فائنل میں فیڈرر کا مقابلہ مرے سے ہےتصویر: AP

سیرینا ویلیمز نے میلبورن میں اپنی فتح کے ساتھ جو بارہواں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی پسندیدہ امریکی کھلاڑی بلی جین کنگ کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، کیونکہ انہوں نے بھی اپنے کیریئر میں بارہ گرینڈ سلیم مقابلے جیتے تھے۔ ٹینس کے کھیل میں آج تک سب سے زیادہ گرینڈ سلیم مقابلے جیتنے والی خاتون کھلاڑی آسٹریلیا کی مارگریٹ سمتھ کورٹ ہیں، جن کے ٹائٹلز کی تعداد 24 بنتی ہے۔

آسٹریلین اوپن میں مردوں کا سنگلز فائنل اتوار کے روز کھیلا جائے گا، جس میں سوئٹزرلینڈ کے روجر فیڈرر کا مقابلہ برطانیہ کے اینڈی مرے سے ہو گا۔ مردوں کا یہ سنگلز فائنل کون جیتے گا، اس بارے میں ہفتہ کو اپنی شکست کے بعد جسٹین ہینن نے کہا کہ اینڈی مرے یوں تو بہت شاندار کھلاڑی ہیں لیکن خود ہینن کو لگتا ہے کہ فائنل میں بہت زبردست مقابلے کے بعد فتح روجر فیڈرر کو ہی ملے گی۔

رپورٹ : مقبول ملک

ادارت : عاطف توقیر