1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آن لائن پورن شیطان کے داخل ہونے کا ذریعہ ہے، پوپ فرانسس

27 اکتوبر 2022

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے اعتراف کیا کہ پادری اور راہبائیں بھی پورن دیکھتی ہیں، اور خبردار کیا کہ اس طرح ہی شیطان ان کے اندر داخل ہوتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپنے موبائل فون سے اسے ڈیلیٹ کرنے کی اپیل کی۔

https://p.dw.com/p/4IkKe
Vatikanstaat Papst Franziskus, Generalaudienz
تصویر: Massimo Valicchia/NurPhoto/picture alliance

پوپ فرانسس نے آن لائن پورنوگرافی کے خلاف سخت انتباہ جاری کیا ہے اور اسے ایک ایسا فتنہ قرار دیا جو "پادری کے بھی قلب کو کمزور کر دیتا ہے۔"

وہ روم میں پادریوں اور مذہبی اسکولوں میں زیر تعلیم مسیحیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کا بہتر طور پر کس طرح استعمال کیا جانا چاہئے۔

ویٹیکن کی طرف سے بدھ کے روز شائع شدہ تفصیلات کے مطابق پوپ فرانسس کا کہنا تھا،"آپ میں سے ہر ایک سوچتا ہے کہ اگر آپ کو ڈیجیٹل پورنوگرافی کا تجربہ ہوا ہے یا آپ کواس کی طرف راغب کرنے کی کوشش ہوئی ہو تو کیا کیا جائے۔ یہ ایک ایسی برائی ہے جس سے بہت سے لوگ متاثر ہیں۔ بہت سارے عام لوگ، بہت سی عام خواتین اور حتی کہ پادری اور راہبائیں  بھی۔"

چائلڈ پورنوگرافی کی روک تھام: ریاست اور سیاستدان ناکام؟

فرانسیسی پادریوں کے ہاتھوں لاکھوں بچوں کا جنسی استحصال

مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے کہا، "میں صرف مجرمانہ پورنو گرافی مثلاً بچوں کے جنسی استحصال کی بات نہیں کر رہا ہوں، جہاں آپ جنسی استحصال کے واقعات براہ راست دیکھتے ہیں، جو کہ اخلاقی انحطاط ہے۔ بلکہ میں نارمل پورنو گرافی کی بھی بات کر رہا ہوں۔"

پوپ فرانسس نے لوگوں سے اپنے موبائل فون سے پورن ڈیلیٹ کرنے کی اپیل کی
پوپ فرانسس نے لوگوں سے اپنے موبائل فون سے پورن ڈیلیٹ کرنے کی اپیل کیتصویر: picture-alliance/empics

موبائل فون سے پورنوگرافی ڈیلیٹ کردیں

کیتھولک چرچ کے 85 سالہ رہنما نے اعتراف کیا کہ نہ تو وہ موبائل فون استعمال کرتے ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی موبائل فون ہے تاہم انہوں نے اپنے عقیدت مندوں سے کہا کہ وہ ایک دوسرے سے بہتر رابطہ اور مواصلات کے لیے اس کا استعمال کریں۔

انہوں نے خبروں کو جنون کی حد تک دیکھنے اور موسیقی کو جنون کی حد تک سننے کے خلاف بھی متنبہ کیا، اس سے پہلے کہ لوگ کسی زیادہ سنگین خطرے سے دوچار ہوجائیں۔ ان کے بقول یہ چیزیں انسان کو اس کے اصل کام سے توجہ بھٹکا دیتی ہیں۔

بچوں میں موبائل فون کا بے تحاشا استعمال اور اس کے نقصانات

مسیحی پیشوا کا کہنا تھا کہ ایسا صاف دل، وہ دل جس میں ہر روز مسیح کی آمد ہوتی ہو، وہ کبھی بھی پورنوگرافک یا فحش مواد کی آماجگاہ نہیں بن سکتا۔

انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ "ایسی چیزوں کو اپنے موبائل فون سے ڈیلیٹ کردیں"۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ایسا اس لیے کرنا چاہئے تاکہ وہ فتنہ کو اپنے ہاتھوں سے دور رکھ سکیں۔

پوپ فرانسس نے اس کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا، "میں آپ کو بتاتا ہوں، یہ ایک ایسی چیز ہے، جو روح کو کمزور کرتی ہے۔"

 ج ا/ ص ز (اے ایف پی،ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید