ادب و ثقافت کی دنیا سے مختصر مختصر
17 اکتوبر 2013فرینکفرٹ کتاب میلہ اختتام پذیر
آٹھ اکتوبر کو جرمن شہر فرینکفرٹ میں شروع ہونے والا سب سے بڑا عالمی کتاب میلہ گزشتہ اتوار تیرہ اکتوبر کو اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ اپنی نوعیت کے اس 65 ویں میلے کو دیکھنے کے لیے تقریباً پونے تین لاکھ شائقین نے اس میلے کا رخ کیا۔ اس سال اس کا اعزازی مہمان ملک برازیل تھا جبکہ آئندہ برس یہ اعزاز فن لینڈ کو حاصل ہو گا۔
براعظم ایشیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کا آغاز
ٹوکیو کا بین الاقوامی فلمی میلہ، جو کہ براعظم ایشیا کا سب سے بڑا فلمی میلہ ہے، سترہ اکتوبر کو ہانگ کانگ کی فلم ’ریگور مورٹِس‘ کی نمائش کے ساتھ شروع ہوا ہے۔ اپنی نوعیت کے اس چھبیس ویں میلے میں ہالی وُڈ کی ممتاز شخصیات شرکت کر رہی ہیں، جن میں اداکاروں ٹام ہینکس اور رابرٹ ڈی نیرو کے ساتھ ساتھ ہدایتکار فرانسس فورڈ کپولا بھی شامل ہیں۔ میلے کا سب سے بڑا انعام پچاس ہزار ڈالر مالیت کا ہے۔ یہ میلہ پچیس اکتوبر تک جاری رہے گا۔
امریکی ادیب تھامس پِنچن کی نیشنل بُک ایوارڈ کے لیے نامزدگی
76 سالہ عالمی شہرت یافتہ امریکی ادیب تھامس پِنچن کو نیشنل بُک ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔ نیویارک میں نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس اعزاز کے لیے شارٹ لِسٹ کیے گئے پانچ ناولوں میں پِنچن کا ناول ’بلیڈنگ اَیج‘ بھی شامل ہے۔ اس ناول میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر گیارہ ستمبر 2001ء کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔ اس انعام کے حقدار کا اعلان بیس نومبر کو منعقدہ ایک تقریب میں کیا جائے گا۔ پِنچن کو 1974ء میں بھی اُن کے ایک ناول کے لیے اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔
معروف پاکستانی اداکارہ نیر سلطانہ کی برسی 27 اکتوبر کو منائی جائے گی
نیرسلطانہ نے اپنی تعلیم ، حسن اور رکھ رکھاؤ کی وجہ سے پاکستان کی سلور سکرین کو چار چاند لگا دیے تھے۔ باجی، سہیلی اور گھونگھٹ جیسی فلموں کی اس ہیروئن کے کیریئر کا دوسرا دور کریکٹر ایکٹریس کا تھا ، جس میں انہوں نے خود کو منوایا اور ملکہ جذبات کہلائیں۔ کینسر کا جان لیوا مرض ان کی جان لے کر رہا اور وہ 27 اکتوبر 1992ء کو اپنے اداکار شوہر درپن کے پہلو میں ابدی نیند جا سوئیں۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال
پاکستانی فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال ہوئی ہیں اور پاکستان میں ایک مرتبہ پھر نئی فلمیں بن رہی ہیں اور بزنس بھی کر رہی ہیں۔ اس بار عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی سینماؤں میں ایک اردو فلم ’وار‘ اور تین پنجابی فلموں ’لباس‘، ’سپر گرل‘ اور ’شرابی‘ سمیت آٹھ پاکستانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ فلم انڈسٹری کے زوال کے باعث پاکستان میں فلمیں بننا تقریباً بند ہوگئی تھیں لیکن گزشتہ چند ماہ میں نہ صرف پاکستان میں معیاری اور عالمی معیار کی فلمیں بنی ہیں بلکہ انہیں عوام نے بے حد پسند بھی کیا ہے۔ تجربہ کار فلمسازوں کے ساتھ ساتھ نئے اور نوجوان فلمسازوں نے بھی فلمیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈرامے کی صنعت سے وابستہ کئی افراد بھی فلمیں بنانے میں مشغول ہیں۔