1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ادب و ثقافت کی دنیا، مختصر مختصر

امجد علی23 جولائی 2014

’آئرن مَین‘ کے ہیرو نے مسلسل دوسرے برس سب سے زیادہ سالانہ آمدنی حاصل کی، اداکار جیمز گارنر 86 برس کی عمر میں چل بسے اور فواد خان ہم وطن پاکستانی ناقدین کی تنقید کے باوجود بھارتی فلم ’خوبصورت‘ کی شوٹنگ جاری رکھیں گے۔

https://p.dw.com/p/1ChB8
پاکستانی اداکار فواد افضل خان بالی وُڈ میں بننے والی فلم ’خوبصورت‘ میں سونم کپور کے ساتھ نظر آئیں گے
پاکستانی اداکار فواد افضل خان بالی وُڈ میں بننے والی فلم ’خوبصورت‘ میں سونم کپور کے ساتھ نظر آئیں گےتصویر: STRDEL/AFP/Getty Images

’آئرن مَین‘: سال میں 75 ملین ڈالر آمدنی

ہالی وُڈ میں ’آئرن مَین‘ اور ’دی اوینجرز‘ جیسی فلموں میں ہیرو کے کردار ادا کرنے والے اُنچاس سالہ اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کو مسلسل دوسرے برس ہالی وُڈ کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار قرار دیا گیا ہے۔ ’فوربس‘ میگزین کے اندازوں کے مطابق جون 2013ء سے لے کر جون 2014ء تک کے عرصے کے دوران اس اداکار کی آمدنی 75 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر
اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئرتصویر: picture-alliance/dpa

چھ عشروں پر محیط فنّی کیریئر

ہالی وُڈ کے ڈرامہ اور ایکشن فلموں کے نامور اداکار جیمز گارنر حال ہی میں چھیاسی برس کی عمر میں لاس اینجلس میں انتقال کر گئے۔ وہ اپنے چھ عشروں پر پھیلے ہوئے کیریئر کے دوران فلم کے ساتھ ساتھ ٹیلی وژن کے شعبے میں بھی سرگرمِ عمل رہے اور اُن کی ٹی وی سیریز ’میورِک‘ اور ’ڈی ٹیکٹیو راک فورڈ‘ کو بالخصوص زبردست پذیرائی ملی۔

امریکی اداکار جیمز گارنر
امریکی اداکار جیمز گارنرتصویر: M.Mainz/Getty Images

ناقدین کو نظر انداز کروں گا، فواد خان

آج کل بھارتی فلم نگری ممبئی میں ہدایتکار ششانک گھوش کی فلم ’خوبصورت‘ کی شوٹنگ میں مصروف پاکستانی اداکار فواد افضل خان کو کسی ہندی فلم میں کام کرنے کی بناء پر پاکستانی سوشل میڈیا میں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اُن کے مدمقابل سونم کپور ہیروئن کا کردار ادا کر رہی ہیں اور یہ فلم اس سال ستمبر میں ریلیز ہو گی۔ ’خدا کے لیے‘ جیسی فلموں اور ’زندگی گلزار ہے‘ جیسی ٹی وی سیریلز سے شہرت پانے والے اس اداکار نے ممبئی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنے والے تعداد میں زیادہ نہیں ہے اور وہ ایسے ناقدین کو نظر انداز کرنا ہی پسند کریں گے۔

ایستونیا کے اٹھہتر سالہ کمپوزر آروو پَیرٹ
ایستونیا کے اٹھہتر سالہ کمپوزر آروو پَیرٹتصویر: picture-alliance/dpa

آرٹ کے شعبے کے ’نوبل‘ انعامات

جاپان کے شاہی خاندان کی سرپرستی میں جاپان آرٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہر سال دیے جانے والے ’پریمیم امپیریالے‘ انعامات کو نوبل پرائز کے ہم پلّہ قرار دیا جاتا ہے اور یہ انعامات فنون لطیفہ کے پانچ شعبوں مصوری، مجسمہ سازی، فن تعمیر، موسیقی اور تھیئٹر یا فلم کے لیے دیے جاتے ہیں۔ حال ہی میں اس سال کے ’پریمیم امپیریالے‘ کا اعلان برلن اور دنیا کے پانچ دیگر شہروں میں بیک وقت کیا گیا۔ ان میں سے ہر انعام کی مالیت ایک لاکھ پندرہ ہزار یورو کے برابر ہوتی ہے۔ 2014ء کے لیے ایستونیا کے اٹھہتر سالہ کمپوزر آروو پَیرٹ، افریقی ڈرامہ نگار ایتھل فیوگاد، فرانسیسی مصور مارسیال رائس، اطالوی مجسمہ ساز جیزیپے پینونے اور امریکی ماہرِ تعمیرات اسٹیون ہال کو یہ انعامات دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان انعامات کی تقریب تقسیم پندرہ اکتوبر کو جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں ہو گی۔

گیارہویں جرمن انڈین فلمی میلے میں انعامات حاصل کرنے والوں کا ایک گروپ فوٹو
گیارہویں جرمن انڈین فلمی میلے میں انعامات حاصل کرنے والوں کا ایک گروپ فوٹوتصویر: Frank von zur Gathen

جرمنی میں بالی وُڈ میلہ

جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں منعقد ہونے والا اپنی نوعیت کا گیارہواں انڈین فلمی میلہ بیس جولائی کو اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ اس پانچ روزہ میلے کے دوران بالی وُڈ سے آئی ہوئی چالیس سے زائد فلمیں دکھائی گئیں۔ اس میلے کا افتتاح سولہ جولائی کو فلم ’سدھارتھ‘ کی نمائش سے ہوا تھا، جو اچانک لاپتہ ہو جانے والے ایک لڑکے کے بارے میں ہے۔ میلے کے اختتام پر اسی فلم کو ’جرمن سٹار آف انڈیا‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ میلے کے مقابلے کے مختلف شعبوں میں سات ہزار یورو مالیت کے انعامات دیے گئے۔

سیاہ فاموں کے حقوق کے لیے سرگرم سفید فام ادیبہ

دنیا بھر کے ادبی و سماجی حلقے جنوبی افریقہ کی نامور ادیبہ نادین گورڈیمر کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ وہ پیر چَودہ جولائی کو نوّے برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ اپنی ادبی تخلیقات میں نسلی امتیاز کے متنازعہ نظام کو موضوع بنانے والی اس ادیبہ کو 1991ء میں ادب کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔ وہ 1923ء میں مشرقی یورپ سے نقل مکانی کر کے جنوبی افریقہ میں جا کر آباد ہو جانے والے ایک یہودی خاندان میں پیدا ہوئی تھیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید