1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ادب کا نوبل انعام، امریکی گیت نگار بوب ڈلن کے نام

عابد حسین
13 اکتوبر 2016

امریکی گیت نگار اور ادیب بوب ڈلن کو رواں برس کے نوبل انعام برائے ادب سے نوازا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی گیت نگار کو ادب کا یہ اعلیٰ ترین انعام دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2RBiT
Bob Dylan
بوب ڈائلنتصویر: picture alliance/AP Images/V.Bucci

سویڈش اکیڈمی نے 75 سالہ ڈلن کے لیے ادب کے نوبل انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے’’ گیتوں کی عظیم امریکی روایات میں رہتے ہوئے نئے شاعرانہ اظہاریے متعارف کروائے‘‘۔ بوب ڈلن کو نوبل انعام دیے جانے کے حوالے سے اندازے اور قیاس آرائیاں گزشتہ کئی برسوں سے جاری تھیں، تاہم ماہرین کو توقع نہیں تھی کہ ادب کے اس انتہائی اعلیٰ انعام کو پوپ، راک اور لوک گیت نگاری تک پھیلا دیا جائے گا۔

سویڈش اکیڈمی کی مستقل سیکرٹری سارا ڈینیئس کا کہنا ہے کہ ڈلن کی گیت نگاری بنیادی طور پر قدیم یونانی گیتوں کا تسلسل ہے۔ ڈینیئس کے مطابق جس طرح سدابہار یونانی گیتوں کو موسیقی کے ساتھ دربار اور دوسری محفلوں میں گایا جاتا تھا، اُسی طرح آج کے دور میں امریکی گیت نگار کے گیت بھی سازوں کے ساتھ گلوکار فضا میں بکھیر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح ادیب کوئی تحریر لکھتا ہے تو آنکھوں سے پڑھی جاتی ہیں، ایسے ہی ڈلن کے امر رہنے والے گیت انسانی کانوں کے لیے ہیں اور اُن کا لطف صرف کن رس افراد ہی لے سکتے ہیں۔

Bob Dylan Literatur Nobelpreis
امریکی گیت نگار اور ادیب بوب ڈلن کو رواں برس کے نوبل انعام برائے ادب سے نوازا گیا ہے۔تصویر: Reuters/K.Price

جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے ادب کا نوبل انعام امریکی گیت نگار بوب ڈلن کو دینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی۔ اشٹائن مائر نے کہا کہ سویڈش اکیڈمی نے ڈلن کو نوبل انعام دے کرایک دلیرانہ فیصلہ کیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ کے مطابق ڈلن نے اپنے گیتوں اور نغموں میں آج کے دور کے سماجی طبقاتی معاملات پر انتہائی کامیابی سے طنز کیا ہے۔

ڈلن چوبیس مئی سن 1941 میں امریکی ریاست مینیسوٹا کے مقام ڈُولُوتھ میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ متوسط یہودی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ سن 1992 میں ٹونی موریسن کے بعد نوبل انعام حاصل کرنے والے پہلے امریکی ادیب ہیں۔ وہ بیک وقت شاعر، اداکار اور مصنف ہونے کے علاوہ سازنواز بھی ہیں۔ انہوں نے کئی فلموں میں اداکاری کے جوہری بھی دکھائے ہیں۔ سن 2008 میں انہیں موسیقی اور امریکی ثقافت کے لیے خدمات دینے کے احترام میں پولٹزر پرائز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

 اس برس کا یہ آخری نوبل انعام تھا۔ اس سے قبل طبیعات، طب، کیمیا اور معاشیات اور امن کے نوبل انعامات کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ امن کا نوبل انعام کولمبیا کے صدر خوان مانویل سانتوس کو فارک باغیوں کے ساتھ امن ڈیل طے کرنے پر دیا گیا۔