1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارامکو میں سرمایہ کاری کے لیے لوگ اثاثے فروخت کر رہے ہیں

17 نومبر 2019

سعودی عرب نے آج اتوار کو توانائی کے اپنے ادارے 'ارامکو‘ کے ڈيڑھ فيصد حصے کے شيئرز کی بازار حصص ميں تجارت کی تفصيلات جاری کر دی ہيں۔ شيئرز کی قيمت تيس سے بتيس سعودی ريال ہو گی، جس سے نوے بلين سعودی ريال جمع ہو سکتے ہيں۔

https://p.dw.com/p/3TBU2
Saudi-Arabien | Symbolbild Aramco
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/A. Pohl

ارامکو نے آج اتوار کو کہا ہے کہ کمپنی کے ڈیڑھ فیصد حصے شیئرز فروخت کیے جائیں گے، جن کی مالیت 24/25.6 بلین ڈالر بنتی ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب نے پانچ فیصد شیئرز فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ارامکو کے مطابق ،''شروع ميں شيئرز کی قيمت تيس سے بتيس سعودی ريال کے درميان ہو گی، جو آٹھ سے ساڑھے آٹھ امریکی ڈالر فی شيئر بنتی ہے۔ اگر بازار حصص ميں ارامکو کے ڈيڑھ فيصد شيئرز تيس ريال فی شيئر کی قيمت پر بکے، تو اس سے نوے بلين سعودی ريال جمع ہو سکتے ہيں۔‘‘

بہت ہی تاخیر سے کی جانے والی یہ پیشکش سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اس منصوبے کا حصہ ہے، جس کے ذریعے وہ تيل کی تجارت پر بہت زيادہ انحصار کو کم سے کم کرنا چاہتے ہيں۔ ارامکو کا شمار دنیا کی منافع بخش ترین کمپنیوں میں ہوتا ہے۔

Saudi-Arabien Erdölraffinerie von Saudi Aramco in Abqaiq
تصویر: Reuters/M. Shemeto

ابتدائی طور پر ارامکو کی جانب سے دو مختلف ایکسچینز میں لسٹنگ کے اندازے لگائے گئے تھے۔ دو فیصد سعودی عرب کی تداول کہلائی جانے والی اسٹاک ایکسچینج میں جبکہ تین فیصد بیرون ملک کی اسٹاک مارکیٹ میں۔ تاہم اب اس کمپنی نے کہا ہے کہ فی الحال بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی فروخت کا فوری طور پر کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اس پیش رفت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ طویل عرصے سے جس ہدف کے بارے میں بات چیت کی جا رہی تھی وہ وقتی طور پر شاید حاصل کر لیا گیا ہے۔

ارامکو کے شیئرز فروخت کرنے کی خبر پہلی مرتبہ 2016ء میں سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد سے یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہوتا رہا۔خبر رساں اداروں کے مطابق بہت سے سعودی شہری ارامکو کے شیئرز کے کاروبار میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے رقم ادھار لے رہے ہیں اور اپنے اثاثے  فروخت کرنے کے ليے بھی تیار دکھائی دیتے ہیں۔

 گزشتہ برس ارامکو کا منافع 111.1 بلين ڈالر رہا، جو ايپل، گُوگِل اور ايگزون موبِل جيسی بڑی کمپنيوں سے کہيں زيادہ ہے۔ اس سال کے پہلے نو ماہ  کا اگر 2018ء کے اسی عرصے کے دوران ہونے والے منافع سے موازنہ کیا جائے، تو ارامکو کے منافع میں اٹھارہ فیصد کی کمی آئی ہے۔

تیل کی پیداوار میں سعودی عرب اور امریکا مدِ مقابل

 ع ا / ع س