ارجنٹائن فرانس کو شکست دے کر فٹ بال کا عالمی فاتح بن گیا
18 دسمبر 2022قطر میں کھیلے گئے فٹ بال کے عالمی کپ کی تاریخ کے ایک انتہائی ڈرامائی میچ میں ارجنٹائن نے فرانس کو شکست دے کر فتح کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی دنیائے فٹ بال کے ایک عظیم کھلاڑی اور ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اپنا اور اپنے ملک کا خواب پورا کر دیا۔ دوحہ کے لوسیل سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ کے مرحلے پر شکست ہوئی اور 2018ء کا عالمی چیپمئن اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر سکا۔
میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹائن کا پلڑا بھاری رہا اور اسے دو گولوں کی برتری حاصل تھی۔ پہلا گول تیئیسویں منٹ میں لیونل میسی نے پینلٹی لگا کر کیا جبکہ دوسرا گول دے ماریا نے چھتیسویں منٹ میں کیا۔ اس موقع پر کھیل یکطرفہ دکھائی دے رہا تھا۔ تاہم دوسرے ہاف میں فرانس نے بھی پہلا گول پینلٹی کک پر کیا اور گول کرنے والے فرانس کے فارورڈ کھلاڑی ایم باپے تھے۔ پھر صرف ستانوے سیکنڈ کے وقفے سے ایم باپے نے دوسرا گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
یہ فائنل اپنا مقررہ وقت ختم ہونے پر برابر رہا۔ تاہم اضافی وقت میں لیونل میسی نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو تین دو کی برتری دلا دی۔ تاہم کیلین ایم باپے نے پینلٹی پر گول کر کے میسی الیون کی یہ برتری ختم کر دی۔ اس کے بعد میچ تین تین گولوں سے برابر رہنے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ پر منتج ہوا۔ اس دوران فرانس کے دو کھلاڑی پینلٹی پر گول نہ کر سکے اور یوں ارجنٹائن نے یہ میچ دو کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔
قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں یہ فائنل میچ دیکھنے کے لیے تقریباﹰ نوے ہزار تماشائی موجود تھے، جن میں ارجنٹائن کے فینز تعداد میں زیادہ تھی۔ ارجنٹائن اس سے قبل 1978ء اور 1986ء میں عالمی چیمپئن رہ چکا ہے۔فرانس نے 2018ء کے فائنل میں کروشیا کو شکست دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
فیفا ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں فیفا کے صدر کے ساتھ ساتھ قطر کے امیر حماد الثانی اور فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں شریک ہوئے۔ اس تقریب میں فائنل میں ہیٹ ٹرک اور ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر آٹھ گول کرنے والے فرانسیسی کھلاڑی کیلین ایم باپے کو فیفا گولڈن بوٹ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ گول کیپر کے طور پر بہترین کارکردگی دکھانے پر ارجنٹائن کے ایمیلیانو مارٹینز کو گولڈن گلوو ایوارڈ ملا۔ لیونل میسی کو ان کی شاندار کارردگی پر گولڈن بال کے انعام کا حق دار ٹھہریا گیا۔
مائیکل ڈسلوا (ع ا ⁄ ش ر)