1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اسد نے فائر بندی کو دفن کر دیا ہے‘، شامی اپوزیشن رہنما

امجد علی20 اپریل 2016

ترکی میں قائم ایک شامی اپوزیشن گروپ کے سربراہ انس العبدہ نے کہا ہے کہ صدر بشارالاسد کی حکومت نے فائر بندی کو عملاً دفن کر دیا ہے۔ انس العبدہ کے مطابق پہلے سے مشکلات کے شکار امن مذاکرات مکمل طور پر ناکام بھی ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IZ9K
Syrien Opposition Verhandlungsführer Hadi al-Bahra
انس العبدہ (بائیں) ایس این سی (سیریئن نیشنل کولیشن) کے سربراہ ہیںتصویر: PHILIPPE DESMAZES/AFP/Getty Images

انس العبدہ ایس این سی (سیریئن نیشنل کولیشن) کے سربراہ ہیں۔ اُنہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ صورتِ حال برقرار رہی تو جنیوا میں امن مذاکرات کی طرف جلد واپسی ممکن نہیں ہو گی۔

شام میں فائر بندی ستائیس فروری سے نافذ العمل ہے اور اس کی وجہ سے شامی خانہ جنگی میں تشدد کی شدت میں خاصی کمی واقع ہوئی تھی لیکن گزشتہ ہفتے شام کے شمالی علاقوں میں پھر سے شروع ہو جانے والی شدید لڑائی کے سبب فائر بندی سمجھوتے پر عملدرآمد تقریباً ختم ہو چکا ہے۔

پھر سے لڑائی چھِڑ جانے کے بعد اپوزیشن کا وفد بطور احتجاج جنیوا مذاکرات سے الگ ہو گیا اگرچہ اُس کی ایک چھوٹی سی ٹیکنیکل ٹیم بدستور ان مذاکرات میں موجود ہے۔ بعد ازاں اپوزیشن نے یہ کہا کہ شمال مغربی شام میں اپوزیشن کے زیرِ قبضہ علاقوں پر حکومتی فضائی حملوں کے نتیجے میں چوالیس شہری ہلاک ہوئے اور یہ کہ یہ حملے مذاکرات کے بائیکاٹ کے سلسلے میں اپوزیشن کے فیصلے کو حق بجانب قرار دیتے ہیں۔

العبدہ نے ترکی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شامی حکومت نے ایک روز قبل فائر بندی کو دفن کر ڈالا۔ العبدہ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 53 روز کے دوران حکومتی فورسز کی جانب سے فائربندی کی دو ہزار ایک سو سے زائد خلاف ورزیاں کی گئیں۔

العبدہ کی ایس این سی جنیوا امن مذاکرات میں شریک اُس شامی اپوزیشن کمیٹی کا حصہ ہے، جو ایچ این سی (ہائر نیگوشی ایشنز کمیٹی) کہلاتی ہے۔ العبدہ کی طرح ایچ این سی کے سربراہ ریاض حجاب نے بھی منگل کو یہ کہا تھا کہ جب تک اسد برسرِاقتدار ہے، شامی تنازعے کا کوئی حل نہیں نکالا جا سکتا۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شام میں بین الاقوامی مبصرین کے ذریعے فائر بندی کی نگرانی کی جانی چاہیے۔ مفاہمت کی بجائے نزاعی لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے ریاض حجاب نے اسد کو رخصت کرنے کے لیے پتھروں تک سے بھی لڑائی لڑنے کا عزم ظاہر کیا۔

Schweiz Syrische Opposition bei Friedensgesprächen in Genf
مغربی دنیا پانچ سال سے شام میں جاری جنگ کے خاتمے کے سلسلے میں جنیوا میں جاری امن مذاکرات کو ایک اہم موقع قرار دے رہی ہےتصویر: Getty Images/AFP/F. Coffrini

اپوزیشن اتحاد کا الزام ہے کہ اسد حکومت جنیوا مذاکرات کو محض مزید وقت حاصل کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے، ہزاروں قیدیوں کی رہائی کے لیے اپوزیشن کے مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے اور حکومتی دستے حلب پر حملے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

اُدھر دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے مشرقی شامی علاقے دیر الزور میں حکومت کے زیر انتظام ایک علاقے میں حکومتی دستوں کو پیچھے دھکیلتے ہوئے اپنے زیرِ قبضہ علاقے کو مزید وسعت دے دی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید