1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل کا انتہائی قدامت پسند وزیر دفاع

امتیاز احمد30 مئی 2016

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی کابینہ نے کٹر نظریات کی حامل سیاسی پارٹی اسرائیل بیتِ نا کو حکمران اتحاد میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ انتہائی قدامت پسند سیاستدان ایویگڈور لیبرمین اسرائیل کے وزیر دفاع ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/1IxLt
Israel Avigdor Lieberman Ex-Außen- und neuer Verteidigungsminister
تصویر: Reuters/A. Cohen

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کابینہ نے انتہائی دائیں بازو کے اور قوم پرست رہنما ایویگڈور لیبرمین کی پارٹی کو حکومتی اتحاد میں شامل کرنے کا فیصلہ جبکہ کابینہ نے متفقہ طور پر ایویگڈور لیبرمین کو نیا وزیر دفاع منتخب کر لیا ہے۔

قبل ازیں چار برس تک اسرائیل کے وزیر دفاع رہنے والے موشے یالون نے اسرائیلی وزیر اعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اسرائیل پر خطرناک اور انتہاپسند عناصر قبضہ کر چکے ہیں۔‘‘ اس بیان کے بعد موشے یالون نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

دوسری جانب اس انتہائی دائیں بازو کے اس سابق وزیر خارجہ کو وزیر دفاع بنانے پر فلسطینی اتھارٹی نے کہا ہے کہ دو ریاستی امن منصوبے پر پیش رفت کا سلسلہ سن 2014ء سے معطل ہے اور اب لیبرمین کے وزیر دفاع بننے کے بعد اس کی بحالی مزید غیر یقینی ہو گئی ہے۔

Israel Avigdor Lieberman Ex-Außen- und neuer Verteidigungsminister
ایوگڈور لیبرمین کی طرف سے وزارت دفاع کا منصب سنبھالنے کے بعد اب اسرائیلی پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کو اکسٹھ اراکین کی جگہ چھیاسٹھ کی حمایت حاصل ہو گئی ہےتصویر: Reuters/A. Cohen

فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو رضائنہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اب یہ تسلیم کر لینا چاہیے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے فلسطینی تنازعے کا حل ناگزیر ہو چکا ہے۔

ماضی میں لیبر مین حماس کے حوالے سے یہ کہہ چکے ہیں کہ اسرائیل کو حماس کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرنا چاہیے، جیسا ’’دوسری عالمی جنگ میں امریکا نے جاپانیوں کے ساتھ کیا تھا۔‘‘

تاہم اب اس سابق وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ملکی اور علاقائی سلامتی کی خاطر دانشمندانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہوں گے۔ لیبرمین کے اس بیان کے حوالے سے ابورضائنہ کا کہنا تھا کہ یہ وقت بتائے گا کہ وہ اپنے قول پر کتنا عمل کرتے ہیں۔

لیبرمین اس سے قبل سن 2009 سے سن 2012 تک وزیر خارجہ بھی رہ چکے ہیں۔ تاہم بدعنوانی کے الزام میں انہیں اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔ الزامات جھوٹے ثابت ہونے پر گیارہ ماہ بعد وہ دوبارہ عملی سیاسی میدان میں سرگرم ہو گئے تھے۔

ایوگڈور لیبرمین کی طرف سے وزارت دفاع کا منصب سنبھالنے کے بعد اب اسرائیلی پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کو اکسٹھ اراکین کی جگہ چھیاسٹھ کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سے ہی نیتن یاہو اس کوشش میں تھے کہ لیبرمین کو اپنی حکومت کا حصہ بنا سکیں اور انجام کار وہ اس معاملے کو حل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔